آپ کا سلاماردو غزلیاتسعادت علی سعدیشعر و شاعری
خدا مجھ پہ اتنا تو احسان کر دے
سعادت علی سعدی کی ایک اردو غزل
خدا مجھ پہ اتنا تو احسان کر دے
اسے دنیا والوں سے انجان کر دے
اسے مجھ سے ہرگز محبت نہیں ہے
وہ آکر سرِعام اعلان کر دے
یہ فرعون لہجہ میاں چھوڑدیجے
تکبر فرشتے کو شیطان کر دے
عجب جلترنگ اس کی آواز میں ہے
وہ خاموش ہو کر بھی حیران کر دے
میں جس اُور دیکھوں وہی جلوہ گر ہو
خدا عشق میں بس مسلمان کر دے
مرا دل سنبھالے سنبھلتا نہیں ہے
کہیں کچھ غلط ناں یہ نادان کر دے
اسے یہ ہنر خوب آتا ہے سعدی
مجھے میرے گھر میں ہی مہمان کر دے
سعادت علی سعدی







