آپ کا سلاماردو شاعریاردو غزلیات

زندگی میں تلخیاں جھٹلا کے چل

ماجد جہانگیر مرزا کی ایک اردو غزل

زندگی میں تلخیاں جھٹلا کے چل
گر رہا ہے پھر بھی تو اترا کے چل

مت دبا سینے کے اندر وحشتیں
دکھ کو سُر کی شکل دے اور گا کے چل

ایک دن تو مٹ ہی جائیں گے الم
دل کو یہ باور کرا بہلا کے چل

سیدھا چلنے کے بہت نقصان ہیں
اس لیے سیدھا نہ چل بل کھا کے چل

مت خس و خاشاک بن کر تو بکھر
جبر سے آنکھیں ملا ٹکرا کے چل

تلخ ماضی جھاڑ اپنے جسم سے
سب غموں کو جمع کر،دفنا کے چل

خواب کی تعبیر ماجد چاہیے
آگ سینے میں لگا بھڑکا کے چل

 

ماجد جہانگیر مرزا

Loading...
Back to top button