لگ کے بیٹھا تھا ایک کونے سے

راشد امام کی ایک اردو غزل

لگ کے بیٹھا تھا ایک کونے سے
تازہ دم ہو گیا ہوں رونے سے

یہ جواں سال ہو گیا بوڑھا
اک تجسس کا بوجھ ڈھونے سے

خواب آنکھوں پہ بار ہوتے ہیں
میں بہت تھک گیا ہوں سونے سے

دل بھی کتنا عجیب ہوتا ہے
جو بہلتا نہیں کھلونے سے

وہ محبت نہیں ملی ہم کو
واقعہ رہ گیا ہے ہونے سے

مثل یعقوب بھی نہیں ہم لوگ
آنکھیں اندھی ہیں پھر بھی رونے سے

ہم فقط خون روئیں گے راشدؔ
ہم رہے شہر کو ڈبونے سے

راشد امام

راشد امام

پیدائش : حافظ آباد سکونت : لاہور