اردو افسانے میں جنس کی روایت

تبصرہ و تنقید: فراق مجروح یوسفزے

اردو افسانے میں جنس کی روایت از سدرہ اختر
سدرہ ا ختر نے اپنی اس کاوش میں اردو افسانے میں جنس کے موضوع کو اجاگر کرنے کی ایک عمدہ کوشش کی ہے۔ یہ کتاب کل پانچ ابواب پر مشتمل ہے۔ کتاب ہٰذا میں منٹو، بیدی اور عصمت کے افسانوں میں جنس کو ٹٹولا گیا ہے۔ دیباچے کے عنوان میں انہوں نے کتاب کے متعلق گفتگو کی ہے لیکن دیباچے کے بعض سطور میں انہوں وہی باتیں لکھی ہیں جو کتاب ہذا میں موجود ہیں یعنی ایک قسم کلیشے سے انہوں نے کام لیا ہے۔ یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ کتاب کے Cover پر "سدرہ اختر” نام درج ہے۔جب کہ ٹائٹل پیج اور خود مصنفہ کے دیباچے میں "سدہ اختر” لکھا گیا ہے۔ اب یہ بتانا محال ہے کہ مصنفہ کا درست نام کون سا ہے۔ لیکن کتاب کے بیک سائڈ پر ڈاکٹر صلاح الدین درویش نے ان کا نام "سدرہ اختر” لکھا ہے۔ اس لیے میں بھی ڈاکٹر صاحب سے اتفاق کروں گا۔
بابِ اول "اردو افسانے میں جنس کی روایت” کے عنوان سے لکھا گیاہے ۔ اس باب میں انہوں نے جنس کے متعلق کافی کچھ لکھنے کی کوشش کی ہے۔ جنس کے لغوی معنی مختلف لغات سے نہیں لکھے ہیں البتہ طائرانہ طور پر انہوں نے بس جنس کو اگریزی لفظ Sex کے متبادل لکھا ہے۔ علاوہ ازیں باقی زبانوں میں جنس کے کیا معنی ہیں وہ بھی اس باب کا حصہ ہے۔ اسی طرح انہوں سگمنڈ فرائڈ کے نظریۂ جنس پر بھی قلم دوڑایا ہے اور معاشرے میں مختلف جنسی تعلقات پر بھی روشنی ڈالی ہے ۔ اور مختلف ممالک میں جنسی رجحان کو کس طرح دیکھا جاتا ہے اس بات پر بھی آپ نے طائرانہ بات چیت کی ہے۔ بعد ازاں انہوں نے "خضر راہ” کو اردو کا پہلا جنسی رسالہ اور نظیر اکبر آبادی کی نظم "برہ کی کوک” کو جنسی نظم کہا ہے ۔ اس پر مستزاد یہ کہ اس نظم میں نظیر نے عورتوں کی ہم جنس پرستی کو موضوع بنایا ہے۔ آگے موصوفہ لکھتی ہیں کہ اردو افسانے میں جنسی رجحان فرائڈ کے نظریۂ جنس اور نفسیات سے آیا ہے۔ مصنفہ نے جنسی موضوعات کو پیش کرنے کا سہرا سجاد حیدر یلدرم کے سر باندھا ہے۔ آگے لکھا ہے کہ یلدرم کے بعد نیاز فتح پوری، رشید جہاں، حجاب امتیاز علی، راشد الخیری، مجنوں گورکھپوری، مہدی افادی، قرۃ العین حیدر، سجاد ظہیر، محمود الظفر، احمد علی، ممتاز مفتی، اختر اورینوی، کرشن چندر، فیاض محمود اور ممتاز شیریں وغیرہ نے بھی جنس کو افسانے میں بیان کرنے کی کدوکاوش کی ہے۔ افسانے کی یہ روایت انہوں نے ڈاکٹر سلیم اختر تک سرسری طور پر بیان کرنے کی ایک عمدہ کوشش کی ہے۔
بابِ دوم "سعادت حسن منٹو کے افسانوں میں جنسی عناصر” کے نام سے مرقوم ہے۔ انہوں نے منٹو کےفن پر سرسری طور پر لکھا ہے اور واضح کیا ہے کہ منٹو نے اردو افسانے میں باقاعدگی سے جنس کو رواج دیا ہے۔ جس کی بابت ان پر مقدمے بھی دائر کیے گئے اور خصوصاً "دھواں، کالی شلوار، ٹھنڈا گوشت،اوپر نیچے اور درمیان، بو اورکھول دو” کو ہدف بنایا گیا اس لیے کہ ان افسانوں میں جنسی رجحان کی ترغیب تھی۔ اس لیے انہی کی وجہ سے منٹو عدالتوں میں مارا مارا پھرتا تھا۔ اور اس بات کی وضاحت انہوں اپنی کتاب ٹھنڈا گوشت کے مقدمے میں کیا ہے۔ لیکن اس بات کو مصنفہ نے قلم انداز رکھا ہے۔ اس تحریر میں انہوں نے منٹو کے افسانوں میں فٹشزم، اور سیڈازم کو خوب واضح کیا ہے اور چوں کہ ان کا موضوع جنس ہے تو انہوں نے منٹو کے چنندہ افسانوں کا خصوصی طور پر تجزیہ کیا ہے ۔ ان افسانوں میں "پڑھیے کلمہ، ہتک، بلاؤز، بابو گوپی ناتھ، مسٹر معین الدین، کتاب کا خلاصہ، شاداں، ننگی آوازیں، ٹھنڈا گوشت، بو، دھواں، کھول دو وغیرہ شامل ہیں۔ منٹو کے افسانوں میں جو جنسی رویے ملتے ہیں وہ محض تلذذ یا حظ اٹھانے کے لیے نہیں بلکہ یہ معاشرے کی بری تصویر کو انہوں نے قاری کے سامنے رکھا ہے۔ وہ ان افسانوں کو فحش نہیں سمجھتے وہ خود کہتے ہیں:
"وہ فحش اور غیر فحش کی مثال اس طرح پیش کرتے ہیں کہ ایک تصویری نمائش میں ننگی عورتوں کی تصویریں پیش کردی جائیں جن سے کوئی اخلاقی بگاڑ پیدا نہیں ہوا، نہ ہی شہوانی جذبات کو ابھارا گیا مگر ایک طرف ایک تصویر کو کپڑے پہنا کر خاص حصہ اس طرح عریاں کیا جائے کہ دیکھنے والا حقیقتاً ترغیب محسوس کرے۔ کیونکہ فنکار نے واقعی اس حصہ کو اسی لیے برہنہ چھوڑ دیا تاکہ دیکھنے والے کے دل و دماغ میں ہلچل مچ جائے۔” (اردو افسانے میں جنس کی روایت، ص ص: ۴۲، ۴۳) خیر مشت از خروار ہی سہی لیکن اس باب میں منٹو کے افسانوں کے متعلق خوب لکھا گیا ہے۔
باب سوم "راجندر سنگھ بیدی کے افسانوں میں جنسی عناصر” ہے۔ اس باب میں راجندر سنگھ بیدی کے مختصر حالاتِ زندگی بیان ہوا ہے۔ مصنفہ نے اس تحریر میں ان کی زندگی کا احاطہ نہایت چابکدستی سے کیا ہے۔ بیدی نے بھی جنسی عناصر کو اپنے افسانوں میں بیان کیا ہے وہ دراصل ہندوستان کی دو بڑی روایتیں "شوشکتی” اور "رشنومت” سے متاثر تھے اس لیے ان کے افسانوں میں انہی روایتوں سے متعلق رجحان ملتا ہے۔ پھر انہوں نے "متھن” افسانے میں جو جنسی محرکات دکھانے کی کوشش کی ہے اس میں بھی انہی روایتوں کا عکس جھلتا ہے۔ مصنفہ کا یہ دعویٰ بجا ہے کہ بیدی کے ہاں جنسی عناصر انگریز فلسفیوں اور فرائیڈ کے نظریات سے ماخوذ نہیں ہیں۔ بلکہ وہ قدیم ہندوستانی فکر کے نظریۂ جنس سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں۔ اس باب میں انہوں نے ، متھن، گرہن، ایک باپ بکاؤ ہے، صرف ایک سگریٹ، کوکھ جلی، گھر میں بازار میں، اپنے دکھ مجھے دے دو، لاجونتی، چھوکری کی لوٹ، ایک عورت، چورستے میں کیا ہوا، کلیانی وغیرہ کا عمدہ تجزیہ پیش کیا ہے۔ جس میں انہوں نے نہایت سنجیدگی سے جنس کو موضوع بنایا ہے۔ قاری جب بھی بیدی کے ان شاہ کار کو پڑھتا ہے تو وہ نہایت حیرانی کی کیفیت سے دوچار ہوتا ہے۔ یعنی منٹو کی طرح بیدی نے بھی جنس کو محض محظوظ ہونے کے لیے نہیں بلکہ معاشرے کے عیوب سے پردہ اٹھانے کے لیے بیان کیا ہے۔
باب چہارم کا عنوان "عصمت چغتائی کے افسانوں میں جنسی عناصر” ہے۔ اس باب میں عصمت چغتائی کے تجربے کے بارے میں لکھا گیا ہے۔ عصمت کو بچپن ہی سے جنسی باتوں سے بے حد لگاؤ تھا۔ یہاں تک کہ وہ چپ چپ کر اپنی خالاؤں سے جنسی باتیں سنا کرتی تھی او ر ان باتوں پر غوروخوض بھی کیا کرتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں جنس کا تجربہ ہو چکا تھا اور اسی مشاہدے کی بنیاد پر انہوں اپنا پہلا افسانہ "گیندا "تخلیق کیا تھا۔ اس افسانے میں ان کا مشاہدہ خورشید کی مانند جھلکتا نظر آتا ہے۔ اس کے علاوہ تل، بھول بھلیاں، لحاف، پردے کے پیچھے، کنواری، یار وغیرہ بھی اس مشاہدے کی نمائندہ افسانے ہیں۔
لحاف کے متعلق اس کتاب میں خوب لکھا گیا ہے لیکن اسے محض ہم جنس پرست کرداروں کا آپس میں جنسی تعلق پر منحصر کیا گیا ہے یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ شاید اردو ادب میں پہلی دفعہ Lesbianism پر عصمت نے افسانہ تخلیق کیا ہے اور Lesbianism وہ چیز ہے جسے زیادہ تر ملکوں نے اجازت دی ہے چوں کہ یہ فطرت کے قاعدے کے خلاف چیز ہے اس لیے اسلامی طرز معاشرے میں یہ ممنوع فعل تصور کیا جاتاہے۔ خیر سدرہ اختر نے ہم جنس پرستی پر اچھی خاصی بحث کی ہے لیکن Lesbianism کی تعریف یا اس پر بحث و مباحثے سے گریز کیا ہے۔ البتہ یہ بات تسلیم کرنی پڑے گی کہ عصمت نے ہندوستانی عورت کے گونگے احساسات و جذبات کو زبان دی ہے بقول ممتاز شیریں:
"عورت کے جنسی جذبے، جنسی اٹھان اور ارتقا اور نفسیات کو عصمت چغتائی سے بہتر ترجمانی شاید ہی مل سکے۔ عصمت نے بے باکانہ جرات سے عورت کو پہلی دفعہ اصل روپ میں پیش کیا ۔” (اردو افسانے میں جنس کی روایت، ص: ۷۷)
بعض قارئین عصمت پر فحش ہونے کا الزام لگاتے ہیں تو ان کےلیے عصمت کا یہ جوب ہے کہ "زندگی ہی اگر فحش ہے تو میں کیا کروں……..لحاف کو تمام ادبی حلقوں نے بدنامِ زمانہ کہا وہ اردو کے اچھے افسانوں میں سے ہے اسے جو عریاں کہے اسے زندگی کو عریاں کہنا چاہیے۔” (اردو افسانے میں جنس کی روایت، ص: ۷۵) میرے کم فہمی کے مطابق عصمت نے معاشرے کو حقیقت میں آئینہ دکھایا ہے اور آئینہ جھوٹ نہیں بولتی۔ ان کے افسانے تلذذ کے لیے نہیں بلکہ غوروفکردینے کے لیے لکھے گئے ہیں۔
باب پنجم "منٹو، بیدی اور عصمت کے جنسی افسانوں کے تقابل” کے عنوان سے لکھا گیا ہے۔اس باب میں ان تینوں افسانہ نگاروں کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے۔ یہاں مصنفہ نے منٹو کے متعلق لکھا ہے کہ منٹو کے جنسی افسانے لذت اور شہوانیت کو پیش کرتے ہیں لیکن ان کے اس خیال سے میں متفق نہیں ہوں۔ اس لیے کہ منٹو کے تقریباً تمام افسانے خواہ ٹھنڈا گوشت ہے یاکھول دو یا کوئی اور جنسی افسانہ ہے اس سے قاری کو جنسی لذت نہیں ملتی بلکہ غورخوض پر قاری مجبور ہوتا ہے اور انہیں انہی نازک مسائل کے متعلق سوچنا پڑتا ہے۔ موصوفہ کی یہ بات بجا ہے کہ منٹو انسان کے دل و دماغ میں اتر کر ان کے جنسی حیجانات بیان کرتے ہیں اور عصمت روزن سے جھانکنے تانکنے سے جو کچھ دیکھتی ہے بیان کرتی ہے۔ منٹو چوں کہ اختصار سے کام لیتا ہے جب کہ عصمت اور بیدی کے افسانوں میں وہ اختصار جو منٹو کے ہاں ہے نظر نہیں آتا۔ میرے خیال کے مطابق تینوں افسانہ نگاروں میں عصمت ممتاز مقام رکھتی ہے۔ وہ اس لیے کہ عصمت نےاردو ادب میں پہلی مرتبہ Lesbianism کو بیان کیا ہے۔ منٹو اور عصمت نے جو جنسی رویوں کو موضوع بنایا ہے وہ روزمرہ زندگی ہی کی طرح بیان کرنے کی انہوں نے کوشش کی ہے اور بیدی نے جہاں بھی جنسی رویے کو بیان کیا ہے وہاں انہوں نے اساطیری اصطلاحات سے کام لیا ہے۔منٹو کا "بو” عصمت کا "تل” اور بیدی کا "متھن” افسانہ چوں کہ ایک دوسرے سے الگ اور منفرد انداز کے حامی افسانے ہیں۔ لیکن تینوں افسانوں میں مشترک صفت جنس کی نمائندگی ہے۔ اس کے علاوہ اس کتاب میں حوالوں کا تکرار بھی ملتا ہے اور بعض اوراق پر تو کلیشے نے نثر کی چمک دمک کو مانند کردیا ہے۔ اس کے علاوہ پروف کی بھی بہت سی غلیاں موجود ہیں۔ لیکن پھر بھی یہ ایک منفرد نوعیت کی کاوش ہے اور اردو ادب میں اس موضوع پر بہت کم لکھا گیا ہے۔ میں سدرہ اختر کی اس سعیِ بلیغ کی بہت تعریف کرتا ہوں۔ اس لیے کہ آپ نے نہات مشکل موضوع پر بہترین کام کیا ہے۔ ہم ان سےآئندہ بھی ایسے موضوعات پر لکھنے کے متمنی رہیں گے۔

فراق مجروح یوسفزے

نام : فراق مجروح یوسفزے - تاریخ پیدائش: 16 اپریل 1996- جائے پیدائش: ضلع بونیر- تعلیم: بی ایس اردو- پیشہ : معلم-