"موجودہ عہد میں ہندکو کا کلاسیک ادب ترتیب پا رہا ہے”۔
حرف اکیڈمی حویلیاں میں جناب قاضی ناصر بختیار خان کی ہندکو مثنوی "مدینے دی ہجرت” کی تقریب پذیرائی میں پروفیسر وحید قریشی صاحب نے کہا "موجودہ عہد میں ہندکو کا کلاسیک ادب ترتیب پا رہا ہے”۔ یہ رائے سب سامعین کو بے حد پسند آئی ۔ میں نے بھی تالیاں بجائیں۔ ساتھ ساتھ میرے دماغ میں اس کی کئی جہتیں کھلیں۔ جو اپنے آپ میں سوال بھی ہیں۔ جواب بھی ہیں اور ایک نئے مکالمے کا آغاز بھی۔
مذکورہ پیشنگوئی جہاں ہندکو ادب کی موجودہ صورتِ حال کو سمجھنے کی ایک بنیاد فراہم کرتی ہے۔ وہیں یہ سوال بھی پیدا کرتی ہے کہ کیا واقعی ہم ایسے عہد میں داخل ہو چکے ہیں جہاں ہندکو کا کلاسیکی ادب تشکیل پا رہا ہے؟
اگر ہاں، تو اس کے آثار کہاں اور کس صورت میں دکھائی دیتے ہیں؟
اس سوال کا جواب تلاش کرنے کے لیے ہمیں ہندکو ادب کی حالیہ ادبی سرگرمیوں پر نظر ڈالنا ہوگی۔ گزشتہ چند دہائیوں میں ہندکو زبان میں جو قابلِ تحسین تخلیق (شاعری، افسانہ، ناول، کہانی، افسانچہ، ڈرامے، مثنوی) ،تحقیق، تدوین، تراجم کے میدان میں جو کام ہوا ہے اس نے بلاشبہ ہندکو کلاسیکی ادب کی تخلیقی کے لیے ایک نہایت مضبوط ادبی بنیاد فراہم کی ہے۔
میرے خیال میں پروفیسر وحید قریشی صاحب نے اس عہد کو کلاسیک ادب کی تخلیق کا درجہ اس وجہ سے بھی کہا کہ اگر ہم صرف ہندکو شاعری کے سفر نظر ڈالیں تو دیکھتے ہیں کہ اس جہان شاعری میں جناب سائیں احمد علی، جناب غلام دین ہزاروی، پروفیسر محمد فرید، پروفیسر یحییٰ خالد، جناب وحید بسمل، جناب احمد حسین مجاہد ، جناب احمد ریاض ، قاضی ناصر، جناب اجمل نذیر، جناب شکیل اعوان جناب محمد حنیف، جناب سعید صاحب، جناب پرواز تربیلوی جیسے سینکڑوں ایسے نام ہیں جنہوں نے ہندکو شعری ادب ایسے رنگ و رنگ مضامین دیے ہیں جنہیں پڑھ کر اور سن کر دل بے اختیار کہتا ہے ہم ہندکو کلاسیک ادب میں سانس لے رہے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ موجودہ عہد میں ہندکو لکھاریوں نے (نثری خدمات میں ہزارہ ہزارہ کی سطح پربالخصوص جناب ماجد شاہ، جناب عادل سعید، جناب خرم شاہ، جناب عظیم ناشاد، جناب ناصر داؤد اور دیگر جن کے نام یاد نہیں) ہندکو ادب کی ترقی ترویج کے لیے اپنی بھرپور توجو دی ہوئی ہے۔ جہاں ادب صرف تعدادِ کتب بڑھانے کی حد تک محدود نہیں بلکہ لکھاری تخلیقی انفرادیت، معیار، اسلوب، زبان و بیاں ، روزمرہ، اپنی تہذیب و ثقافت، روایات کے آہنگ کا پورا پورا خیال رکھ رہے ہیں۔ کیونکہ کلاسیکی ادب اچانک وجود میں نہیں آتا بلکہ وقت، تنقیدی شعور اور ادبی تسلسل کے نتیجے میں مرتب ہوتا ہے اسی نکتے کی طرف پروفیسر وحید قریشی اشارہ ہے۔
چنانچہ آج جب ہم ہندکو ادب کا جائزہ لیتے ہیں تو محسوس ہوتا ہے کہ ہم ایک ایسے دور کے گواہ ہیں جہاں آنے والی نسلیں موجودہ تخلیقات میں سے بہت سی تخلیقات کو کلاسیکی سرمایہ قرار دیں گی۔ یعنی پروفیسر وحید قریشی کا یہ بیان ایک پیش گوئی بھی ہے اور ایک ادبی عمل کی نشاندہی بھی ۔ مزے کی بات یہ ہے کہ یہ ادبی عمل ہماری آنکھوں کے سامنے جاری ہے۔
آخری سوال یہ ہے موجودہ ہندکو لکھاریوں کو ہندکو لکھتے ہوئے یہ خیال ذہن میں رکھنا چاہیے کہ کلاسیکی ادب کی تشکیل میں ان کا کردار کیا ہوگا، کتنا ہو گا اور کتنا اہم ہو گا۔ ؟
سہیل احمد صمیم