ڈاکٹر خورشید احمد ندیم پاکستان کی ان علمی و فکری شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے صحافت اور تصنیف کے ذریعے قومی سطح پر اپنا انفراد قائم کیا ہوا ہے۔ وہ معروف کالم نگار، مصنف، دانش ور اور ٹیلی وژن میزبان ہیں۔ کئی دہائیوں سے قومی اخبارات میں مذہب، سیاست، سماج، ریاست اور تہذیب سے متعلق موضوعات پر ان کا قلم رواں دواں ہے۔ ان کی تحریروں کا ایک نمایاں وصف یہ ہے کہ وہ ان سماجی اور فکری مسائل کو صرف منصفانہ انداز میں ہی نہیں دیکھتے بلکہ ان کے مسائل پس منظر، اسباب اور نتائج تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کے ہاں اختلاف، مکالمے کی گنجائش اور دلیل کی اہمیت ہمیشہ نمایاں رہتی ہے۔
میں کافی عرصے سے ڈاکٹر خورشید احمد ندیم صاحب کے کالم پڑھتا آ رہا ہوں۔ ان کے کالمز کا مطالعہ میرے لیے حالاتِ حاضرہ سے آگاہی کا ذریعہ کے ساتھ ساتھ بعض سماجی اور فکری مسائل کو نئے زاویے سے دیکھنے کا موقع بھی فراہم کرتا رہا ہے۔ بالخصوص انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے موضوعات پر ان کا اسلوبِ تحریر مجھے ہمیشہ قابلِ توجہ محسوس ہوا ہے۔ وہ ان مسائل کا سطحی تجزیہ نہیں کرتے بلکہ سنجیدگی دکھائی دیتی ہے جو اختلاف کو دشمنی میں بدلنے کے بجائے مکالمے اور استدلال کے ذریعے
چنانچہ جب جناح بیسک اسکولز اینڈ کالجز کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی ان کی آمد کا علم ہوا تو میرے لیے یہ ایک خوش گوار موقع تھا۔ کیونکہ اس تقریب کی نظامت میرے پاس تھی۔ سو، مجھے ایک ایسی شخصیت جسے برسوں سے تحریروں کی صورت میں پڑھتا رہا ہوں اسے بالمشافہ دیکھنے، سننے اور اس کے فکری زاویوں کو براہِ راست سمجھنے کا موقع مل رہا تھا۔ جو کئی حوالوں سے خوشی کا باعث رہی۔
جناح بیسک اسکولز اینڈ کالجز، مانسہرہ میں منعقدہ تقریب میں ان کے خطاب کی بات کی جائے بلامبالغہ انہوں نے عشقِ رسول، سیرتِ طیبہ، اور تعلیماتِ اسلامی کے مختلف پہلوؤں پر نہایت مدلل اور فکر انگیز گفتگو کی۔ بالخصوص سیرتِ نبوی ﷺ کو محض عقیدت و محبت کے اظہار تک محدود رکھنے کے بجائے اسے انفرادی اور اجتماعی زندگی کے لیے ایک عملی رہنما اصول کے طور پر سمجھنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر صاحب نے اپنے خطاب میں دیگر علمی و فکری اور سماجی پہلو پر بات کی وہیں بالخصوص نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیین اتھارٹی کے قیام اس کے مقاصد اور جاری منصوبوں کے بارے میں جس تفصیل سے گفتگو کی وہ میرے لیے خاصی دلچسپی کا باعث تھی۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں ایک ایسا فعال ادارہ موجود ہے جس کی توجہ سیرتِ رسول ﷺ کو محض علمی مطالعے یا رسمی تقریبات کا موضوع بنانے کے بجائے اسے عملی زندگی، تعلیمی نظام اور معاشرتی تربیت سے مربوط کرنے پر مرکوز ہے۔ مثلاََ گزشتہ دو سال میں جو ان کے ادارے کی طرف سے جو دو کتابیں شائع ہوئیں وہ اس بات پر مضبوط دلیل ہیں۔ ایک کتاب کا نام ہے "نئے شہروں کی منصبوبہ بندی اور سیرت رسول” اور Disaster Management اور سیرت رسول ہیں۔
مرے نزدیک اس ادارے کی اہمیت بہت زیادہ ہے کیونکہ عہدِ جدید میں سیرتِ نبوی ﷺ کو ایک زندہ اور متحرک رہنمائی کے طور پر نئی نسل کے سامنے پیش کرنا از حد ضروری اور لازم ہے۔ بالخصوص ایسے معاشرے میں جہاں دینی موضوعات پر تقریبات تو منعقد ہوتی ہوں لیکن ان کے اثرات کو روزمرہ زندگی اور اجتماعی رویوں تک منتقل کرنے کا عمل نہ ہونے کے برابر ہو۔
ڈاکٹر صاحب کی گفتگو کا ایک نکتہ میرے لیے خاص طور پر قابلِ غور تھا کہ دینی، فکری اور سماجی نوعیت کے پروگراموں کو محض انعقاد اور اختتام تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ ان کا اصل حاصل اس وقت سامنے آتا ہے جب ان کے اثرات بچوں کی سوچ، سوال کرنے کی صلاحیت اور عملی رویوں میں دکھائی دینے لگیں۔ نئی نسل کے اندر مکالمے کا شعور پیدا کرنا۔ انہیں دلیل کے ساتھ بات کرنے کا سلیقہ سکھانااور ایسا ماحول فراہم کرنا جہاں وہ سوال کر سکیں اور ان کے سوالات کو سنجیدگی سے لیا جائے۔ ایسے تمام اہتمام تعلیمی اداروں میں لازمی طور پر ہونا چاہیے۔
میرے خیال میں یہ نکتہ ہمارے تعلیمی اداروں کے لیے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ کیونکہ ہم بچوں کو بہت کچھ پڑھاتے اور مختلف سرگرمیوں میں ان کی صلاحیتوں کو سامنے لاتے ہیں۔ لیکن اس سارے عمل کا ایک بنیادی سوال یہ بھی ہے کہ کیا ہم ان کے اندر سوچنے سمجھنے، سوال اٹھانے اور دلیل کے ساتھ اپنی بات کہنے کی صلاحیت بھی پیدا کر رہے ہیں؟
دل و نظر کے دریچے بحال کرتے ہیں
ہمارے عہد کے بچے سوال کرتے ہیں (سہیل احمد صمیم)
تقریب میں بطور نظامت میرے لیے یہ موقع بھی باعثِ مسرت تھا کہ میں نے ایک ایسی علمی شخصیت کو براہِ راست سنا جس کی تحریروں سے پہلے ہی ایک فکری نسبت قائم تھی۔ ان کی گفتگو نے اس ملاقات کو ایک یادگار لمحہ بنایا۔ گویا مطالعے اور مشاہدے کے درمیان ایک نئے تجربے میں بدل دیا۔
سہیل احمد صمیم