ڈاکٹر سید زبیر شاہ

مدثر عباس کی ایک اردو تحریر

ڈاکٹر سید زبیر شاہ اور نیا اردو افسانہ

کچھ لوگ براہِ راست نہیں، لفظوں سے بھی محسوس ہوتے ہیں لیکن جب آپ اُن سے روبرو ملتے ہیں تو آپ لفظ کی صورت اور ادیب کی سیرت میں قید ہو جاتے ہیں۔ "یخ بستہ دہلیز” کا حصار ہو یا "خوف کے کتبے” پر وجود کی قبر میں دفن وحشتیں ہو۔ ان سے خیبر پختونخوا کے افسانے کا ایک نیا رنگ سامنے آتا ہے۔ یہ رنگ سماجی بے رنگ و بو فضا میں خوش رنگی کی ایک جھلک ہے یہ رنگ صرف ایک ہی شخصیت اپنی تخلیق میں سمو سکتی ہے اور وہ ڈاکٹر سید زبیر شاہ ہیں جو خیبر پختونخوا کے افسانے کا ایک بہت بڑا نام ہیں۔

​ڈاکٹر سید زبیر شاہ کا افسانوی مجموعہ "شوگر ڈیڈی” 2026ء میں منظرِ عام پر آیا ہے۔ اس کتاب میں کل 13 افسانے ہیں جو ٹیکنوفیوڈل دور میں ادب اور معاشرے کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ اس سے پہلے ان کے افسانوی مجموعے "یخ بستہ دہلیز” اور خوف کے کتبے بھی منظر پر آچکے ہیں۔ اُن کے افسانے سماجی اور طبقاتی کشمکش پر مبنی ہیں اور یہ طبقاتی جبر اس دور کا سب سے بڑا المیہ ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ان کا خطوط پر مشتمل ایک نیا افسانہ، افسانوی اسلوب میں ایک انوکھا اضافہ ہے۔ "خطوں میں لپٹی کہانی” سے ایک اقتباس ملاحظہ ہو:

​”میرے ظلمی!
​جاتے ہوئے کہتے ہو قیامت کو ملیں گے
کیا خوب قیامت کا گویا کوئی دن اور

​میں تو کل تک صحرا میں کھڑے اس درخت کی مانند تھا جو کسی ناکردہ جرم کی سزا میں بنجر ویرانوں کے کشٹ کاٹ رہا تھا۔ جس پر کبھی کوئی پرندہ بیٹھا نہ کوئی واماندہ مسافر سستا نے کے لیے چھاؤں میں پل بھر کے لیے ٹھہرا، کہ مجھ سے آسیب اور عفریت کے بے شمار قصے جڑے ہوئے تھے۔ اور آج جب ایک مسافر کی نظرِ التفات میں سبز موسموں کی ہریالی نظر آئی تو وہ بھی خاموشی سے منہ موڑ کر جانے لگا ہے۔ آپ کا شہر چھوڑ کر جانے کا ارادہ آپ کی ضرورت ہے یا مجبوری یہ میں نہیں جانتا لیکن اتنا ضرور جانتا ہوں کہ پہلی بار کسی جسم سے پہلے اس کی روح فنا ہو جائے گی۔ نظامِ قدرت کا دھارا موڑنے کی اس کوشش میں کتنے خوابوں اور خواہشوں کی لاشیں بہہ جائیں گی آپ کو اس کا اندازہ نہیں۔”

​اُردو ادب میں خطوط کے طرز پر بہترین ناول قاضی عبدالغفار سے اور عالمی ادب میں گوئٹے سے منسوب ہے۔ اُن کی تحریروں میں ایک خاص کشش ہے جو پڑھنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہے کیوں کہ ان کے افسانوں میں انسانی بے بسی کی داستانیں ہر جگہ ہمیں ایک حساس اور درد مند انسان کا دل دھڑکتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ اُنھوں نے خیبر پختونخوا کے افسانے کو پرانے اور گھسے پٹے موضوعات سے نکال کر ایک بالکل نیا رنگ اور تازہ روپ دیا ہے۔اقتباس ملاحظہ ہو:

"کمرے میں قید سناٹے کی گھٹن سے دیوار پر لگی ہوئی گھڑی کی سانس رک چکی تھی۔ بے حرکت سوئیاں دیکھ کر دیپک کو محسوس ہوا جیسے سب کچھ رک گیا ہے ہر چیز اپنے انجام کو پہنچ گئی اور اب وہ خود بھی لمحہ بھر میں ختم ہوجائے گا۔

ڈاکٹر سید زبیر شاہ کے افسانوں کا ایک نمایاں اور جداگانہ رنگ ہے جو انھیں اُردو افسانوی ادب میں منفرد مقام دلاتا ہے۔ چاہے وہ "فصیلِ شب کے پار” ہو یا "پہلی قسط”، "کہانی ابھی باقی ہے”، "وقت کے میلے ہاتھ” اور "جو تاریک راہوں میں مارے گئے” کوئی بھی افسانہ ہو۔ ہر کہانی اپنے اندر ایک خاص کیفیت اور تجربہ سمیٹے ہوئے ہے۔ ان تمام افسانوں میں جو بنیادی عنصر ابھر کر سامنے آتا ہے وہ بدلتے ہوئے حالات اور الجھنوں کے باوجود زندگی کے لیے ایک معنویت تلاش کرنا ہے اور یہی فکری گہرائی قاری کو آغاز سے انجام تک اپنے سحر میں جکڑے رکھتی ہے۔ ان کے اس منفرد اسلوب کو مزید تقویت ان کے کرداروں کے جاندار اور فطری مکالموں سے ملتی ہے جو نہ صرف گفتگو کا ذریعہ بنتی ہے بلکہ کرداروں کی داخلی کیفیات کو بھی عیاں کرتے ہیں۔ ان مکالموں کے ذریعے وہ انسانی جذبات، داخلی کشمکش اور نفسیاتی اتار چڑھاؤ کا ایک ایسا پُر اثر پیرایہ بیان کرتے ہیں جو قاری کے دل پر گہرا نقش چھوڑ جاتا ہے۔

ڈاکٹر سید زبیر شاہ کا فن اکیسویں صدی کے نفسیاتی حسیت، انسانی درد مندی اور جدید اسلوب کا ایک حسین امتزاج ہے۔ اُن کے افسانے اس دور اور اس معاشرے کا ایک ایسا آئینہ ہیں جس میں فرد کی تنہائی، طبقاتی کشمکش اور بقا کی جدوجہد صاف دکھائی دیتی ہے۔ ان کے کرداروں کی نفسیاتی گہرائی اور جاندار مکالمے قاری کو دیر تک سوچنے پر مجبور کرتے ہیں۔ بلاشبہ ڈاکٹر سید زبیر شاہ نے خیبر پختونخوا کے اُردو افسانے کو نہ صرف نئی فکری جہتیں عطا کی ہیں بلکہ موجودہ دور کے ادب میں اپنا ایک معتبر اور منفرد مقام بھی بنایا ہے جس کی رنگ و بو آنے والے وقتوں میں بھی محسوس ہوگی۔

مدثر عباس
25 نومبر 2026ء

مدثر عباس

مدثر عباس کا تعلق ضلع مردان کے نواحی علاقے لوند خوڑ سے ہے۔ وہ جامعہ پشاور میں اُردو زبان و ادب(ایم فل) کے طالبِ علم ہیں اور علمی و فکری جستجو سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ تاریخ اور تاریخی کتب سے خاص شغف ان کے مطالعے کو وسعت بخشتا ہے، جب کہ مسلسل اور وسیع مطالعہ ان کی فکری تشکیل میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ مختلف سیاسی، سماجی اور تاریخی موضوعات پر وقتاً فوقتاً قلم اُٹھاتے ہیں، جہاں ان کی تحریروں میں مطالعے کی گہرائی اور سنجیدہ فکری رجحان جھلکتا ہے۔