خدا کے نور کا حُسن و شباب یعنی آپؐ
کہ ہر بہار میں رشکِ گلاب یعنی آپؐ
وہ جس کو غیر بھی صادقؐ ،آمینؐ کہتے ہیں
وہ کائنات میں عزت مآب یعنی آپؐ
اگر سوال ہو کس نے خدا کو دیکھا ہے
تو عرش فرش پہ اس کا جواب یعنی آپؐ
خدا نے آپ ؐکو اُمّی بنا کے بھیجا ہے
عُلومِ دہر کی روشن کتاب یعنی آپؐ
حسنؑ، حسینؑ کے نانا علی ؑ کے بھائی اور
جنابِ زہرہؑ کا پہلا حجاب یعنی آپؐ
وہ جن کی دید کرے اور چاند شرمائے
وہ جن کا حکم سنے آفتاب یعنی آپؐ
تمام خلق میں ظافِرؔ بس ایک ہستی ہے
ہے جن کا آسرا روزِ حساب یعنی آپؐ
محمد اویس ظافِر