شِکستہ دِل، تہی دامن، بچشمِ تر گیا آخر

ایک اردو غزل از رشید حسرت

(شِکستہ دِل، تہی دامن، بچشمِ تر گیا آخر
صنم مِل کر ہمیں پِھر آج تنہا کر گیا آخر

غریبِ شہر تھا خاموش رہنے کی سزا پائی
وفا کرنے پہ بھی اِلزام اُس کے سر گیا آخر

بڑھا کر ہاتھ اُلفت کا سدا کی بے کلی دے دی
تُمہاری چاہ کر کے ایک شاعر مر گیا آخر

یہ طے تھا ہم انا کے فیصلے سے مُنہ نہ موڑیں گے
رہی دستار قائم تن سے لیکن سر گیا آخر

فنا کے ہاتھ اپنی زندگی کو چُھو نہ سکتے تھے
مگر مالک تِری دُنیا سے یہ دل بھر گیا آخر

تھکن سے چُور تھا اُس کا بدن اور آنکھ بوجھل تھی
وہ شب بھر گھر سے باہر تھا پلٹ کر گھر گیا آخر

وہ جِس کی جُستجو میں ہم نے اپنی زِندگی کھو دی
وُہی تو آج حسرتؔ ہم پہ تُہمت دھر گیا آخر

رشید حسرتؔ کوئٹہ

رشید حسرت

رشید حسرت نے 1981 سے باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ ان کی شاعری اخبارات، ادبی رسائل اور کل پاکستان و کل پاک و ہند مشاعروں میں شائع اور پیش ہوتی رہی۔ پی ٹی وی کوئٹہ کے مشاعروں میں ان کی شرکت ان کی تخلیقی شناخت کا آغاز تھی، مگر بعد میں انہوں نے اجارہ داریوں اور غیر منصفانہ رویّوں سے تنگ آ کر اس نظام سے علیحدگی اختیار کی۔ ان کے پانچ شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ سب کے سب اپنی ذاتی جیب سے، جو ان کے خلوص اور ادب سے والہانہ لگاؤ کی علامت ہیں۔ رشید حسرت اس طبقے کے نمائندہ شاعر ہیں جنہوں نے ادب کو کاروبار نہیں بلکہ عبادت سمجھا۔