میٹھی سی چاندنی ہے

ایک اردو غزل از کویتا غزل مہرا

میٹھی سی چاندنی ہے پہلو میں چاند اترا
تاروں کی دلکشی ہے پہلو میں چاند اترا

جگنو ا۔دھر ادھر ہیں کیا خوب ہے نظارہ
یہ رت بھی شبنمی ہے پہلو میں چاند اترا

جذبات میں کسی نے ایسی مچائی ہلچل
اندر بھی روشنی ہے پہلو میں چاند اترا

قلب و نظر میں جیسے اک نور بھر گیا ہو
سانسوں میں تازگی ہے پہلو میں چاند اترا

دل میں چھپے ہوئے ہیں ارمان بے تحاشا
ہونٹوں پہ خامشی ہے پہلو میں چاند اترا

لہجے کا ایک جادو اترا ہوا غزل میں
لفظوں کی ساحری ہے پہلو میں چاند اترا

کویتا غزل مہرا

کویتا غزل مہرا

میرا نام کویتا ہے میں ہندو خاندان سے تعلق رکھتی ہوں۔ میں سیالکوٹ میں رہتی ہوں۔ میں نے ایم فل اردو کیا ہے - میں پہلے یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں پڑھائی تھی- اب میری 16 گریڈ کی جاب ہو گئی ہے - میں ایف جی پبلک سکول نمبر 1 میں ٹی جی ٹی کی پوسٹ پر ہوں -میں ایک شاعرہ اور کالم نگار بھی ہوں