خدا سے، عشق سے

ایک اردو غزل از شجاع شاذ

خدا سے، عشق سے، خود سے منافقت کروں گا
ترے لئے میں تری ہی مخالفت کروں گا

جنوں میں جس کا سکوں دربدر کیا میں نے
ملا وہ دشت تو میں اُس سے معذرت کروں گا

میں کیا کروں کہ سکھایا ہے مجھ کو وحشت نے
غلط جنوں بھی ہوا تو مداخلت کروں گا

ضرورتوں کے تعلق پہ اب بھروسہ نہیں
یقیں کروں گا تو اپنی ہی معرفت کروں گا

جدا ہوا ہے جو مجھ سے وہ شاذ میں ہی تھا
سو اپنے آپ سے اپنی ہی تعزیت کروں گا

شجاع شاذ

کرن شہزادی

سلام اردو ایڈیٹر