بھوک

ایک اردو غزل از رشید حسرت

ہم نے کھلیانوں میں کاٹی بھوک، بوئی بھوک ہے
خواب کیا ہوں گے کہ آنکھوں میں پروئی بھوک ہے

بد گمانی آپ کو لاحق ہوئی ہے بے سبب
اور کوئی بھی نہیں بستر پہ، سوئی بھوک ہے

دو دنوں سے اک نوالہ حلق سے اترا نہ تھا
چپ رہے بچے مرے لیکن وہ روئی بھوک ہے

منتقل ہونا تھا ہم کو ایک سے دوجے مکاں
کچھ نہ تھا سامان بس ہم نے تو ڈھوئی بھوک ہے

سامنے میرے وہ کھاتے ہیں مرغن سی غذا
دیکھنا کیا ان کی جانب، مجھ کو کوئی بھوک ہے؟

اس نے بولا ایک دو، میں نے کہا روٹی میاں
کیا کہوں میرے خیالوں میں سموئی بھوک ہے

ہم لباسوں پر لیے پھرتے تھے داغِ مفلسی
کچھ نہیں دھویا ہے ہم نے صرف دھوئی بھوک ہے

ہم بڑے قد کے بڑے انسان تھے پر کیا کریں
لا کے دنیا کے سمندر میں ڈبوئی بھوک ہے

پاس اپنے تھا ہی کیا جو ہم گنوا دیتے رشیدؔ
مفلسی اپنا مقدّر تھی سو کھوئی بھوک ہے

رشید حسرتؔ، کوئٹہ
۱۷، نومبر، ۲۰۲۶

رشید حسرت

رشید حسرت نے 1981 سے باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا۔ ان کی شاعری اخبارات، ادبی رسائل اور کل پاکستان و کل پاک و ہند مشاعروں میں شائع اور پیش ہوتی رہی۔ پی ٹی وی کوئٹہ کے مشاعروں میں ان کی شرکت ان کی تخلیقی شناخت کا آغاز تھی، مگر بعد میں انہوں نے اجارہ داریوں اور غیر منصفانہ رویّوں سے تنگ آ کر اس نظام سے علیحدگی اختیار کی۔ ان کے پانچ شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ سب کے سب اپنی ذاتی جیب سے، جو ان کے خلوص اور ادب سے والہانہ لگاؤ کی علامت ہیں۔ رشید حسرت اس طبقے کے نمائندہ شاعر ہیں جنہوں نے ادب کو کاروبار نہیں بلکہ عبادت سمجھا۔