چشمِ تر ہے یہ حقیقت میری
ضبطِ غم ہے یہ طریقت میری
جس کی خاطر میں زمانے سے لڑا
اُس نے کی ہی نہ حمایت میری
وہ مرے حال سے واقف تھا مگر
اُس نے سمجھی نہ شکایت میری
اُس کی کم ظرفی کا عالم دیکھو
اُس نے پوچھی نہ طبیعت میری
میرا نا حال بتانا اُس کو
ہے یہ خاموشی وصیت میری
حسنؔ اب میں نہ لکھوں گا اُس پر
سب پڑھیں گے یہ اذیت میری
میر حسنؔ