عہد حاضر میں عظیم الشان مشاعرہ

اسلام آباد کلب کے زیر اہتمام 13 ستمبر 2025

عہد حاضر میں اردو ادب کا عظیم الشان مشاعرہ

اسلام آباد کلب کے زیر اہتمام 13 ستمبر 2025 کی شام اس عہد کا یادگار ترین مشاعرہ منعقد ہوا۔ اس تاریخی تقریب کے روح رواں جناب وقار حسنین اور محترمہ روشین عاقب تھے۔ اسلام آباد کلب کے دلکش آڈیٹوریم کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ کلب کے وسیع و عریض آڈیٹوریم کی نشستیں مشاعرے سے کئی دن پہلے ہی بک ہو چکی تھیں۔
مشاعرے کے تمام انتظامات دیدنی تھے۔ راؤ تحسین علی خان، روشین عاقب اور وقار حسنین صاحب کی خوش سلیقگی اور خوش انتظامی کی جتنی داد دی جائے کم ہے۔ مشاعرے کو یوں منعقد کیا گیا جیسے اس کا حق تھا۔
سارے ملک سے بہت نامور اور چنیدہ شعرائے کرام تشریف لائے۔ جناب انور مسعود کی صدارت میں محترمہ زہرہ نگاہ، کشور ناہید، جناب افتخار عارف، انور شعور جلوہ افروز تھے تو ساتھ ہی محمد اظہار الحق اور یاسمین حمید تشریف فرما۔ دیگر شعرائے کرام ان کے علاوہ تھے۔ جناب شکیل جاذب نے بہت عمدہ نظامت کی۔
شعراء تو خیر چنیدہ تھے ہی، اگر کوئی مجھ سے پوچھے تو داد کا بڑا حصہ سامعین اور حاضرین کو جاتا ہے۔ اتنے سلیقہ شعار اور رکھ رکھاؤ والے سامعین کم کم ہی ملیں گے۔ سخن فہمی اور شعر شناسی کا یہ عالم کہ تین گھنٹے سے کچھ زیادہ کے دورانیے کا یہ طویل مشاعرہ کھچا کھچ بھرے آڈیٹوریم نے مکمل خاموشی سے سنا۔ ہاں، جہاں شعر آتا تھا یا مصرع بلاتا تھا تو باجماعت مصرع اٹھایا جاتا اور ہال داد و تحسین سے گونج اٹھتا۔ تین گھنٹے کی مقبول فلم دیکھتے ہوئے بھی کسمساہٹ اور سرگوشیاں ہو جاتی ہیں مگر یہ مشاعرہ تو گویا سحر طاری کئے ہوئے تھا۔
اسلام آباد کلب بہت عرصہ اس شاندار تقریب کے اہتمام پر ناز کر سکتا ہے۔

وحید احمد
سترہ ستمبر 2025

کرن شہزادی

سلام اردو ایڈیٹر