عکسِ ناتمام

کلیاتِ منظوماتِ محسن خالد محسنؔ : نقد و نظر

محسن خالد محسنؔ اِکیسویں صدی کی جدید اُردو نظم کے اُن شعرا میں شمار کیے جا سکتے ہیں جن کے ہاں ذاتی تجربہ، سماجی شعور اور وجودی سوالات ایک دوسرے سے پیوست ہو کر شعری اظہار کی صورت اختیار کرتے ہیں۔ اگرچہ اُن کی تخلیقی ابتدا غزل سے ہوئی، تاہم جلد ہی اُن پر واضح ہو گیا کہ اُن کے تجربات، داخلی کیفیات اور فکری سوالات کے اظہار کے لیے آزاد نظم اور نثری نظم زیادہ موزوں وسیلہ ہیں۔ اُن کی شاعری کا بنیادی وصف یہ ہے کہ وہ زندگی کو محض باہر سے دیکھنے کی بجائے اسے اپنی ذات میں جذب کرتے ہیں اور پھر اس تجربے کو ایسی زبان دیتے ہیں جس میں فرد کا دُکھ اجتماعی معنویت اختیار کر لیتا ہے۔

محسن خالد محسنؔ سے میرا تعلق دسمبر ۲۰۱۰ء سے قائم ہے۔ ہم دونوں نے ایم فل میں ایک ساتھ داخلہ لیا اور بعدازاں ایم فل سے پی ایچ۔ ڈی (اُردو) تک علمی و تحقیقی سفر میں بھی ہمارا رابطہ برقرار رہا۔ اس دوران ادب، سماج، معاشرت، سیاست اور انسانی رویّوں پر گفتگو کے متعدد مواقع میسر آئے۔ ۲۰۱۸ء میں پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے محسن خالد محسن کا بطور لیکچرار انتخاب ہوا۔ اُس زمانے میں، میں بھی سیالکوٹ میں تدریسی فرائض انجام دے رہی تھی۔ علمی نشستوں اور ادبی محفلوں میں اُن کی نظموں کو سُننے اور اُن کے تخلیقی مزاج کو قریب سے سمجھنے کا موقع ملا۔ ان محفلوں میں ڈاکٹر ساجد ڈار، ڈاکٹر انجم یوسف، ڈاکٹر اللہ یار،ماجد بھائی اور پروفیسر اسحاق (مرحوم) سمیت اہلِ علم و ادب شریک ہوتے تھے۔

محسن خالد محسنؔ کے ہاں ابتدا ہی سے نظم کے بنیادی عناصرتجربے کی صداقت، خیال کی وحدت، داخلی ربط اور اظہار کی انفرادیت نمایاں دکھائی دیتے تھے۔ ایم فل اور پی ایچ۔ ڈی کے دوران ہونے والی گفتگو سے مجھے اندازہ ہوا کہ اُن کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن وہ اپنی تحریروں کی اشاعت کے بارے میں زیادہ پُرجوش نہیں تھے۔

اُن کا خیال تھا کہ وہ اپنی ذات کی تسکین کے لیے لکھتے ہیں اور لکھنا اُن کے لیے ایک طرح کا نفسیاتی اخراج یا کیتھارسس ہے۔ میں نے اُنہیں اس طرف متوجہ کیا کہ ذاتی تجربے سے جنم لینے والی تخلیق جب فن کی صورت اختیار کر لیتی ہے تو وہ صرف تخلیق کار کی ملکیت نہیں رہتی؛ وہ قاری کے تجربے اور اجتماعی شعور کا حصہ بھی بن سکتی ہے۔ اسی حوصلہ افزائی کے نتیجے میں اُن کے شعری مجموعوں کی اشاعت کا سلسلہ آگے بڑھا۔

محسن خالد محسن کا پہلا شعری مجموعہ ”کچھ کہنا ہے” کے عنوان سے 2014ء میں شائع ہوا، جس میں اُن کی ابتدائی، بالخصوص نوجوانی کے رومانوی احساسات اور جذبات کی ترجمانی غزل کے ذریعے ہوئی۔ اس مجموعے میں ایک ایسے تخلیقی ذہن کی جھلک ملتی ہے جو اپنے احساسات کو زبان دینے کے ساتھ ساتھ اپنے اظہار کی صورت بھی تلاش کر رہا تھا۔ اس کے بعد ”دُھند میں لپٹی شام”2016ء منظرِ عام پر آیا۔ اس مجموعے میں غزل کے مقابلے میں نظم کی طرف میلان زیادہ نمایاں ہے۔ اسے پڑھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ شاعر کو نظم میں اپنے تجربے کی تہیں کھولنے، خیال کو آگے بڑھانے اور داخلی کیفیت کو نسبتاً وسیع تناظر میں پیش کرنے کی زیادہ گنجائش ملتی ہے۔

مذکورہ مجموعوں کے بعد محسن خالد محسنؔ نے اپنی تخلیقی توجہ آزاد نظم اور نثری نظم پر مرکوز کر دی۔ یہ تبدیلی محض صِنف کی تبدیلی نہیں، بلکہ اظہار کے اپنے موزوں وسیلے کی تلاش بھی ہے۔ اُن کے ہاں نظم تجربے کی ترتیب، فکر کی حرکت اور داخلی کشمکش کے اظہار کا بنیادی وسیلہ بن جاتی ہے۔

پہلے دو مجموعوں کی اشاعت کے بعد مزید اشاعت کا سلسلہ برسوں رُکا رہا۔”ت لاش” شعری مجموعہ 2025ء میں ورلڈ ویو پبلشر،لاہور سے شائع ہوا جومحسن خالد محسنؔ کی تخلیقی زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ اس مجموعے کی نظموں میں ہجر، کرب، شکست، تنہائی، سماجی رویّوں کی سفاکی اور اپنی ذات سے مکالمے کی کیفیت نمایاں ہے۔ ان نظموں کی شدت کا سبب صرف موضوع کی تلخی نہیں، بلکہ یہ احساس بھی ہے کہ شاعر نے ان تجربات کو محض دور کھڑے ہو کر نہیں دیکھا؛ وہ اُن سے گُزر کر اُنہیں لفظوں میں ڈھالتا ہے۔ اس لیے یہاں دُکھ ایک بیان کردہ کیفیت کی بجائے ایک جیتی ہوئی حقیقت محسوس ہوتا ہے۔

اس مجموعے کا عنوان بھی کئی معنوی سطحیں رکھتا ہے۔ ”ت لاش” زندگی کی ازلی جستجو، شناخت کی بازیافت اور معنی کی کھوج کا استعارہ ہے۔ جب اس لفظ کو ”لاش” کی صَوتی اور معنوی بازگشت کے ساتھ پڑھا جائے تو جستجو کے انجام، فنا اور شکست کا ایک تاریک پہلو بھی سامنے آتا ہے۔ یوں عنوان قاری کو پہلے ہی بتا دیتا ہے کہ اس کتاب میں سفر صرف کسی منزل تک پہنچنے کا نہیں، بلکہ اس سوال سے دوچار ہونے کا بھی ہے کہ تلاش کرنے والے کے حصے میں آخر کیا آتا ہے۔ ڈاکٹر طارق ہاشمی نے بھی اس عنوان میں "زندگی کی جستجو، وجودی سوالات اور فنا کے احساس کی معنویت” کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اُن کے نزدیک "شاعر نے اپنی ذات کے دُکھ کو اجتماعی سطح پر منتقل کیا ہے؛ اس لیے یہ مجموعہ محض ایک فرد کی شکست کا نوحہ نہیں رہتا، بلکہ ہمارے عہد کی حسرتوں اور محرومیوں کا استعارہ بن جاتا ہے۔”

”ت لاش” کی نظموں میں خانگی زندگی، رشتوں کی شکست، جُدائی، الزام، سماجی تضحیک اور قانونی و معاشرتی پیچیدگیوں کے اثرات بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔ ان موضوعات کی اہمیت اس لیے ہے کہ اُردو نظم میں نجی اور گھریلو تجربات کو اکثر عمومی رومانوی یا اخلاقی بیانیے میں سمو دیا جاتا ہے، جب کہ محسن خالد محسن ان تجربات کی پیچیدگی اور ان سے پیدا ہونے والی نفسیاتی شکست کو براہِ راست موضوع بناتے ہیں۔ اُن کے ہاں ذاتی دُکھ محض ذاتی شکایت نہیں رہتا؛ وہ ایسے سماجی رویّوں کی نشان دہی کرتا ہے جو فرد کو تنہائی، بے توقیری اور داخلی انتشار کی طرف دھکیلتے ہیں۔

اس مجموعے کا اپنی بیٹی” ایمن زہرا” کے نام انتساب بھی اسی تناظر میں معنی خیز ہے۔ اس انتساب میں محبت، جُدائی اور رشتے کے تسلسل کی ایک ایسی کیفیت موجود ہے جو کتاب کے عمومی کرب سے جُڑ جاتی ہے۔ شاعر کے لیے بیٹی محض ایک شخصی نسبت نہیں، بلکہ محبت، اُمید اور مستقبل سے تعلق کا استعارہ بھی بن جاتی ہے۔ اس نوع کے تجربات کو نظم میں ڈھالنے کا ہنر اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ شاعر اپنی ذات کی اذیت کو محض جذباتی اظہار تک محدود نہ رکھے، بلکہ اسے فنی تشکیل دے۔ محسن خالد محسنؔ کی بیشتر نظموں میں یہی عمل دکھائی دیتا ہے یعنی ذاتی تجربہ ایک وسیع تر انسانی سوال میں تبدیل ہو جاتا ہے۔

محسن نےپیش لفظ کے طور پر ”چند باتیں” کے عنوان سے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ یہ نظمیں محض خودنوشت نہیں، بلکہ اُن دردناک تجربات کی شعری صورت ہیں جن سے وہ گزشتہ برسوں میں گزرے۔ اُن کے نزدیک” شاعر ہونا ایک نعمت بھی ہے اور اذیت بھی، کیونکہ بعض تجربات کو لفظوں میں ڈھالنے کے لیے اُنہیں دوبارہ جینا پڑتا ہے”۔ اس اعتراف سے اُن کی شاعری کی اعترافی جہت سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ تاہم ان نظموں کی شاعرانہ اہمیت صرف اس امر میں نہیں کہ ان کے پس منظر میں حقیقی واقعات موجود ہیں بلکہ اس احساس میں ہے کہ” تجربہ” زبان، علامت، آہنگ اور ساخت کے ذریعے فن میں تبدیل ہوتا ہے۔

ڈاکٹر فرحت عباس شاہ نے محسن خالد محسن ؔکی شاعری میں صداقت، شفافیت اور حقیقت کے اِدراکی پہلو کی نشان دہی کی ہے۔ اُن کے خیال میں حقیقت کوئی جامد اور حتمی شے نہیں، بلکہ قاری اور متن کے باہمی تعلق میں نئے معنی اختیار کرتی ہے۔ یہ نکتہ محسن خالد محسنؔ کی نظموں کے مطالعے میں اہم ہے، کیونکہ اُن کی تخلیقات قاری کو صرف شاعر کے تجربے سے آگاہ نہیں کرتیں، بلکہ اسے اپنے سماجی رویّوں، اخلاقی فیصلوں اور انسانی تعلقات پر بھی نظرِ ثانی کی دعوت دیتی ہیں۔

محسن خالد محسنؔ کی نظموں میں سوال ایک بنیادی فنی اور فکری وسیلہ ہے۔ وہ محبت کے روایتی تصورات، اخلاقی دعوؤں، سماجی منافقت، مذہبی رویّوں، طاقت کے نظام اور انسان کی خودساختہ یقین دہانیوں کو سوال کے دائرے میں لاتے ہیں۔ اُن کا استفہام محض لفظی آرائش نہیں، بلکہ قاری کے شعور کو متحرک کرنے کا طریقہ ہے۔ وہ اکثر ایسے سوال اُٹھاتے ہیں جن کے آسان اور فوری جواب ممکن نہیں ہوتے۔ اسی وجہ سے اُن کی نظم قاری کو کسی طے شدہ نتیجے تک پہنچانے کی بجائے اسے سوچنے، اختلاف کرنے اور اپنے مفروضات کا جائزہ لینے پر آمادہ کرتی ہے۔

اُن کے ہاں محبت کبھی زندگی کی بنیادی قوت کے طور پر سامنے آتی ہے اور کبھی اسی محبت کے نام پر قائم کیے گئے جبر، ملکیت اور خودغرضی کے رویّوں پر تنقید کا وسیلہ بنتی ہے۔ کہیں جُدائی کا دُکھ ہے، کہیں خودی اور بے خودی کی کشمکش، کہیں اَنا کا مسئلہ اور کہیں اپنی ذات سے کنارہ کشی۔ موت بھی اُن کے ہاں ہمیشہ ایک ہی مفہوم نہیں رکھتی؛ کبھی وہ خوف اور بے بسی کی علامت بنتی ہے اور کبھی زندگی کے معنی پر غور کرنے کا وسیلہ۔ یہ تنوع اس بات کا ثبوت ہے کہ شاعر اپنے موضوعات کو ایک ہی زاویے سے نہیں دیکھتا، بلکہ اُن کے متضاد اور پیچیدہ پہلوؤں کو بھی سامنے لاتا ہے۔

"ت لاش” کی نظموں کے عنوانات بھی اس فکری تنوع کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ”رجوع کی دسترس”، ”ندامت کا غرور”، ”عادت کا درد”، ”صدائے ابدی”، ”دیدار کی خواہش” اور ”گمراہی کی جرأت” جیسے عنوانات اپنے اندر ایک معنوی تناؤ رکھتے ہیں۔ ان میں بظاہر دومتضاد تصورات ایک دوسرے کے ساتھ آ کر قاری کی توجہ کھینچتے ہیں اور نظم کے لیے سوال کی فضا پیدا کرتے ہیں۔ اس نوع کے عنوانات کی کامیابی اس وقت سامنے آتی ہے جب نظم کے اندر بھی یہ معنوی کشمکش برقرار رہے اور عنوان محض چونکا دینے والی ترکیب بن کر نہ رہ جائے۔

ڈاکٹر اللہ یار ثاقب نے محسن خالد محسنؔ کی نظم کو” انسانی دُکھوں کی ترجمان” قرار دیا ہے۔ اُن کے مطابق” یہ دُکھ ذاتی، سماجی اور کائناتی سطحوں پر پھیلتے ہوئے انفرادی اور اجتماعی محرومیوں کا بیانیہ بن جاتے ہیں”۔ ڈاکٹر ساجد محمود کے نزدیک محسن خالد محسنؔ کی شاعری” اپنے عہد سے مکالمہ” کرتی ہے اور انسانی دُکھ کے اظہار کے لیے ایک الگ لہجہ اختیار کرتی ہے۔ ان آرا ءکی روشنی میں دیکھا جائے تو محسن کی شاعری کی ایک اہم جہت یہ ہے کہ وہ ذاتی تجربے اور عہد کے اجتماعی شعور کے درمیان رابطہ قائم کرتی ہے۔

محسن خالد محسنؔ کی شاعری میں علامت اور تلمیح کا استعمال اُن کے علمی پس منظر سے بھی مربوط ہے۔ اُن کا تحقیقی کام "کلاسیکی غزل میں تلمیحات” کے مطالعے سے متعلق ہے؛ اس لیے کلاسیکی روایت، مذہبی و اَساطیری حوالوں اور فکری شخصیات سے اُن کی واقفیت اُن کی نظموں میں مختلف صورتوں میں سامنے آتی ہے؛ تاہم اُن کی شاعری کو محض تلمیحات کی موجودگی سے نہیں سمجھا جا سکتا۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ روایتی علامتوں کو نئے سوالات کے ساتھ جوڑنے اور اُن سے معاصر معنی پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

”صدائے ابدی” جیسی نظم میں خواب، تقدیر، منزل اور انسانی ارادے کے سوالات مختلف فکری اور تاریخی شخصیات کے حوالے سے سامنے آتے ہیں۔ شاعر "بدھ، کرشن، موسیٰ، عیسیٰ، اقبال، رومی، منڈیلا اور چی گویرا” جیسے ناموں کے وسیلے سے انسان کے خواب، جدوجہد اور تبدیلی کے اِمکان پر غور کرتا ہے۔ اس مکالمے میں کسی ایک شخصیت یا تصور کو آخری جواب کے طور پر قبول کرنے کی بجائے سوال کو زندہ رکھا جاتا ہے۔ "ت لاش” کی نظموں کا مرکزی احساس یہ ہے کہ انسان کی زندگی خواب دیکھنے اور اُن خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی کوشش سے معنویت پاتی ہے۔ خواب یہاں محض نیند کی کیفیت نہیں، بلکہ اُمید، مزاحمت اور مستقبل کی تشکیل کا استعارہ ہیں۔

محسن خالد محسنؔ کے ہاں مایوسی، اُداسی اور شکست کا احساس ضرور موجود ہے، مگر اُن کی شاعری مکمل قنوطیت میں محصور نہیں رہتی۔ اسی کرب کے اندر اُمید، عزم اور نئی ابتدا کے امکانات بھی پوشیدہ ہیں۔ یہ تضاد اُن کی شاعری کو یک رُخی ہونے سے بچاتا ہے۔ اُن کی نظموں میں رومی،ؔ منصورؔ حلاج،داراؔ،سکندرؔ،فرہادؔ،راونؔ،ٹیپو سلطان کے ساتھ شاہ ولی، مولائے روم،بابا فرید، گورونانک کے فکری و روحانی حوالوں کی بازگشت کے ساتھ ساتھ معاصر سماجی تجربات بھی جگہ پاتے ہیں۔ یوں روایت اور جدیدیت اُن کے ہاں ایک دوسرے کی ضِد نہیں بنتیں، بلکہ ایک مکالمے میں شریک ہوتی ہیں۔

”محبت معاہدہ نہیں” محسن خالد محسن کے تخلیقی سفر کا ایک اور اہم مرحلہ ہے۔ اس مجموعے میں محبت کو محض رومانوی جذبے یا دو افراد کے باہمی تعلق تک محدود نہیں رکھا گیا، بلکہ اسے آزادی، اختیار، ذِمہ داری، مُساوات اور انسانی وقار کے سوالات سے جوڑا گیا ہے۔ عنوان ہی اس تصور کو رَد کرتا ہے کہ محبت کوئی ایسا معاہدہ ہے جس میں ایک فریق کو حکم چلانے اور دوسرے کو اطاعت کرنے کا پابند بنا دیا جائے۔ شاعر کے نزدیک "محبت کا حقیقی مفہوم باہمی احترام اور آزادانہ انتخاب سے وابستہ ہے، نہ کہ ملکیت، جبر یا مفاد سے۔”

اس مجموعے کی نظموں میں عام زندگی کے بظاہر معمولی واقعات بھی گہرے ادراکی تجربے میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ ”دروازے بند کیوں کریں” میں تعلقات اور فاصلے کا سوال سامنے آتا ہے؛ ”موت کا کھیل” میں آزادی اور احتساب کے درمیان کشمکش محسوس ہوتی ہے؛ ”میں لکھ سکتا ہوں” تخلیقی عمل کو ایک داخلی تجربے کے طور پر پیش کرتی ہے، جب کہ ”چائے اور عدالت” جیسی نظم معمول کی ایک شے کو وجودی اور سماجی معنی دے سکتی ہے۔ اس طرح شاعر کی توجہ صرف بڑے اور غیر معمولی واقعات تک محدود نہیں رہتی؛ وہ روزمرہ زندگی کے اندر پوشیدہ معنوی امکانات کو بھی دریافت کرتا ہے۔

اس مجموعے میں یہ سوال بار بار اُبھرتا ہے کہ انسانی تعلقات میں اختیار کس کے پاس ہے اور محبت کے نام پر کس طرح ناہمواری پیدا ہوتی ہے۔ محسن اس تصور کو قبول نہیں کرتا کہ ساتھ چلنے والے دو انسانوں میں لازماً ایک حاکم اور دوسرا محکوم بن جائے۔محسن محبت کو وہ ایسا تعلق سمجھتا ہے جس میں دونوں کی آواز، خواب اور خواہش اہم ہوں۔ یہ موقف محض رومانوی idealism نہیں، بلکہ اُن سماجی رویّوں پر تنقید بھی ہے جو رشتوں کو طاقت کے توازن اور ذاتی مفاد کے تابع کر دیتے ہیں۔

ڈاکٹر فرحت عباس شاہ نے اس مجموعے کی شاعری میں حقیقت، اخلاق، محبت، خواہش اور شناخت کے باہمی تعلق کی طرف توجہ دلائی ہے۔ اُن کے مطابق” محسن خالد محسن کے ہاں علامتیں جامد نہیں بلکہ متحرک ہیں؛ وہ انسانی شعور کے اندر نئے معنی پیدا کرتی ہیں”۔ یہ بات اُن نظموں کے مطالعے سے بھی واضح ہوتی ہے جن میں ایک عام شے، ایک مختصر مکالمہ یا روزمرہ کا کوئی منظر انسانی تعلقات کی پیچیدگیوں کو نمایاں کر دیتا ہے۔

محسن خالد محسنؔ کی شاعری کا ایک قابلِ توجہ پہلو عورت کے تجربے، صنفی ناہمواری اور پدر سری سماج پر تنقید ہے۔ اُن کی بعض نظموں میں عورت کی زندگی کو گھر، باورچی خانے، خاموشی اور مسلسل ذمہ داریوں کے دائرے میں محدود کر دینے والے رویّے زیرِ بحث آتے ہیں۔ ”چکی کے پاٹ” اس حوالے سے ایک معنی خیز مثال ہے۔” چکی” یہاں محض گھریلو شے نہیں رہتی، بلکہ نسل در نسل جاری رہنے والی اُس گردش کی علامت بن جاتی ہے جس میں عورت کی محنت، خواہش اور آواز پِس جاتی ہے۔

نظم میں چکی کے دو پاٹوں کے درمیان دبی ہوئی آواز کا تصور عورت کی اُس زندگی کو نمایاں کرتا ہے جس میں اِس کے خواب روزمرہ کے فرائض کی نذر ہو جاتے ہیں۔ اس علامت کے ذریعے شاعر گھریلو زندگی کے معمولات کو سماجی ساخت اور صِنفی طاقت کے وسیع تر مسئلے سے جوڑتا ہے۔ اسی طرح ”برابری” میں گھر کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کی بجائے دو سانسوں میں بانٹنے کا تصور رشتے میں مساوات، شراکت اور باہمی احترام کی خواہش کو نمایاں کرتا ہے۔ اس نوع کی نظموں میں شاعر کا مقصد محض شکایت درج کرنا نہیں، بلکہ ایک ایسے انسانی تعلق کا اِمکان پیش کرنا بھی ہے جس میں آزادی اور ذِمہ داری ایک دوسرے سے مُتصادم نہ ہوں۔

محسن خالد محسنؔ کی بعض نظموں میں عورت کے داخلی احساسات اور جسمانی تجربات کو بھی موضوع بنایا گیا ہے۔ ایسے موضوعات پر لکھتے ہوئے شاعر سماجی جھجک، ممنوعات اور اخلاقی نگرانی کے نظام سے براہِ راست مکالمہ کرتا ہے۔ تاہم ان نظموں کی تنقیدی تجزئیات کا تعین صرف اس بنیاد پر نہیں ہونا چاہیے کہ موضوع روایتی طور پر ممنوع سمجھا جاتا رہا ہے بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ شاعر نے اس تجربے کو کس حد تک انسانی پیچیدگی، نفسیاتی صداقت اور فنی احتیاط کے ساتھ پیش کیا ہے۔ جہاں نظم جسم، جنس اور تعلق کے تجربے کو انسانی وقار اور باہمی رضامندی کے سوال سے جوڑتی ہے، وہاں وہ سماجی خاموشی کو توڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پروفیسر محمد عامر سہیل نے محسن خالد محسنؔ کی شاعری میں جدید مشینی زندگی اور سوشل میڈیا کے اثرات کی گہری شناخت کی نشان دہی کی ہے۔ اُن کے مطابق ”شناخت کا جنون” ڈیجیٹل عہد میں مصنوعی زندگی اور حقیقی وجود کے درمیان پیدا ہونے والے فاصلے کا نوحہ ہے۔ اس تناظر میں محسن کی شاعری صرف گھریلو یا شخصی مسائل تک محدود نہیں رہتی؛ وہ جدید انسان کی تنہائی، خودنمائی، شناخت کے بحران اور سماجی روابط کی بدلتی ہوئی نوعیت کو بھی موضوع بناتی ہے۔

”کھڑکی سے جھانکتی روشنی” محسن خالد محسن کا تیسرا نثری و آزاد نظموں پر مشتمل مجموعہ ہے۔ اس مجموعے میں پہلے مجموعوں کے کرب اور داخلی کشمکش کے ساتھ ایک نسبتاً واضح خود شناسانہ رویہ بھی سامنے آتا ہے۔ یہاں شاعر زندگی کی اُلجھنوں، مشاہداتی تجربات اور ذہنی انتشار کو نظم کی صورت دیتا ہے، لیکن ان تجربات کا حاصل محض شکست کا اعتراف نہیں۔ ان میں خود کو دوبارہ دریافت کرنے، اپنی شناخت قبول کرنے اور زندگی کے امکان کو برقرار رکھنے کی کوشش بھی موجود ہے۔

اس مجموعے کا عنوان روشنی کو ایک مکمل اور قطعی انکشاف کی بجائے ایک جُزوی مگر اُمید افزا اِمکان کے طور پر پیش کرتا ہے۔ "کھڑکی "ایک حد بھی ہے اور راستہ بھی۔ وہ اندر اور باہر کے درمیان فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے نظر کے لیے ایک گُزرگاہ کھولتی ہے۔ اس زاویے سے دیکھا جائے تو ”کھڑکی سے جھانکتی روشنی” کا استعارہ شاعر کے داخلی سفر، خود شناسی اور بیرونی دُنیا سے تعلق کی نئی صورتوں کو سمیٹتا ہے۔ ڈاکٹر اللہ یار ثاقب نے اس مجموعے کو” انسانی وجود کی تنہائی اور داخلی سفر کا آئینہ” قرار دیا ہے۔ اُن کے مطابق” یہاں خاموشی محض محرومی نہیں، بلکہ خود شناسی کا وسیلہ بھی بن جاتی ہے۔”

ڈاکٹر رمیشا قمر کے خیال میں” محسن خالد محسنؔ کی نظمیں اپنے عہد کی بے چینیوں، بدلتی ہوئی سماجی اقدار اور انسانی رشتوں کی پیچیدگیوں سے براہِ راست مکالمہ کرتی ہیں”۔ اُن کے ہاں فکر اور احساس کے درمیان ایک ایسا توازن ملتا ہے جو قاری کو سوچنے اور محسوس کرنے دونوں پر آمادہ کرتا ہے۔ ڈاکٹر عاصم سعید نے بھی اُن کی شاعری میں "سادہ زبان، اعترافی کیفیت اور ذاتی تجربات سے جنم لینے والی نفسیاتی کشمکش” کی نشان دہی کی ہے۔ یہ آراء اس مجموعے کی ایک اہم خصوصیت کو واضح کرتی ہیں۔ شاعر اپنی داخلی کیفیت کو غیر ضروری آرائش سے بچاتے ہوئے ایسی زبان میں بیان کرنے کی کوشش کرتا ہے جو قاری تک براہِ راست پہنچ سکے۔

اس مجموعے کی نظم ”کھڑکی سے جھانکتی روشنی” میں زندگی سے مایوسی کے عین لمحے میں زندگی کے دوبارہ متحرک ہونے کا تصور سامنے آتا ہے۔ زخمی پرندے کی طرح پھڑپھڑاتی زندگی ایک مؤثر علامت ہےیعنی اس میں کمزوری بھی ہے اور بقا کی ضد بھی۔ اسی طرح ”درد کو لکھتے رہو” میں درد کو کاغذ تک پہنچانے کا تصور اس اِمکان کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ اظہار، اندر جمع ہونے والی اذیت کو ایک قابلِ فہم صورت دے سکتا ہے۔ یہاں تخلیق کسی جادوئی علاج کا نام نہیں، بلکہ تجربے کو پہچاننے، اس سے مکالمہ کرنے اور اسے معنی دینے کا عمل ہے۔

اس مجموعے کے عنوانات”واپسی کا موسم”، ”سفر کبھی رُکتا نہیں”، ”تھکن کی پیشمانی”، ”لفظوں کی جگالی”، ”اندر کا راستہ” شاعر کی فکری جستجو اور معنوی تجربے کی وسعت کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ ان میں "سفر، وقت، زبان، تھکن اور داخلی راستے "جیسے تصورات بار بار سامنے آتے ہیں۔ یہ تکرار اگرچہ موضوعاتی سطح پر ایک تسلسل پیدا کرتی ہے، لیکن ہر نظم میں ان تصورات کی نئی تشکیل اور فنی ضرورت اہم رہتی ہے۔

محسن خالد محسنؔ کی شاعری میں زبان کا بنیادی وصف سادگی کے ساتھ معنوی تہہ داری ہے۔ وہ روزمرہ کے الفاظ اور مانوس اشیا سے ایسے استعارے پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں جو قاری کو ایک نئے زاویے سے سوچنے پر مجبور کریں۔” آئینہ، نقاب، کھڑکی، چکی، دروازہ، راستہ، خواب، روشنی” جیسی اشیا اُن کے ہاں اپنے لغوی مفہوم سے آگے بڑھ کر” شناخت، جبر، خود فریبی، تنہائی، امکان” کی علامتیں بن جاتی ہیں۔ اس طرح معمول کی چیزیں ایک وسیع تر سماجی یا وجودی مفہوم اختیار کر لیتی ہیں۔

اُن کے ہاں استفہامیہ انداز نمایاں ہے۔ شاعر اپنے مخاطب، سماج اور کبھی اپنی ذات سے بھی سوال کرتا ہے۔ یہ سوالیہ رویہ نظم کو مکالماتی بناتا ہے اور قاری کو محض تماشائی بننے نہیں دیتا۔ بعض مقامات پر یہی بے باکی نظم کو تُند اور احتجاجی لہجہ عطا کرتی ہے۔ تاہم بے باکی کی ادبی کامیابی اس وقت مکمل ہوتی ہے جب خیال کی شِدت کے ساتھ زبان کی تہذیب، ساخت کا توازن اور علامت کی معنوی ضرورت بھی برقرار رہے۔ محسن خالد محسنؔ کے تخلیقی سفر میں یہ عناصر مختلف سطحوں پر سامنے آتے ہیں اور اُن کی نظموں کے انفرادی اُسلوب کی تشکیل میں حصہ لیتے ہیں۔

نثری نظم کے حوالے سے شاعر کا موقف یہ ہے کہ نظم کی کامیابی صرف عروضی وزن یا بحر کی پابندی سے متعین نہیں ہوتی؛” تجربے کی صداقت، خیال کی قوت، زبان کی تنظیم اور داخلی آہنگ” بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اس موقف کو یوں سمجھنا چاہیے کہ نثری نظم میں خارجی وزن کی عدم موجودگی، فنی نظم و ضبط کی عدم موجودگی نہیں ہوتی۔ ایک کامیاب نثری نظم کو بھی لفظوں کے انتخاب، جملوں کی ترتیب، تکرار کے بامعنی استعمال، تصویری پیکروں اور معنوی ربط کے ذریعے اپنا آہنگ پیدا کرنا پڑتا ہے۔ محسن خالد محسنؔ کی نظموں کا مطالعہ اسی معیار پر کیا جانا چاہیے کہ تجربہ کس حد تک فنی تشکیل میں ڈھلتا ہے اور زبان کس طرح قاری کے شعور میں معنی کی نئی پرتیں کھولتی ہے۔

محسن خالد محسنؔ کے شعری سفر کو یکجا صورت میں دیکھنے سے اُن کی تخلیقی شخصیت کے مختلف مراحل واضح ہوتے ہیں۔ ”کچھ کہنا ہے” میں ابتدائی رومانوی احساس اور غزل کی روایت سے وابستگی ملتی ہے؛ ”دھند میں لپٹی شام” میں نظم کی طرف بڑھتا ہوا میلان سامنے آتا ہے؛ ”تلاش” میں ہجر، کرب، شکست اور وجودی جستجو کی شدت نمایاں ہوتی ہے؛ ”محبت معاہدہ نہیں” میں انسانی تعلقات، آزادی اور مساوات کے سوالات زیادہ واضح صورت اختیار کرتے ہیں؛ جب کہ ”کھڑکی سے جھانکتی روشنی” میں خود شناسی، خاموشی اور اِمکان کے موضوعات نئے انداز سے سامنے آتے ہیں۔ ان مراحل کو ایک ساتھ پڑھنے سے شاعر کے فکری اِرتقا اور اُسلوبی ترجیحات کا مطالعہ ممکن ہوتا ہے۔

کلیات ”عکسِ ناتمام” میں تین مجموعوں کے ساتھ غیر مطبوعہ نظموں کو بھی شامل کیا گیا ہے جو مختلف ادبی رسائل و جرائد میں شائع ہوئیں اور صفحہ قرطاس پر منتظر اشاعت گوشہ عُزلت میں پڑی رہیں۔ اس ترتیب سے قاری کو نہ صرف منتخب نظموں تک رسائی ملتی ہے، بلکہ شاعر کے تخلیقی سفر، موضوعاتی تسلسل اور تنقیدی پذیرائی کو ایک وسیع تناظر میں دیکھنے کا موقع بھی میسر آتا ہے۔ کسی کلیات کی اہمیت اسی وقت بڑھتی ہے جب مختلف مجموعوں کے درمیان موجود فکری ربط اور تبدیلیاں قاری کے سامنے واضح ہوں؛ اس لحاظ سے یہ مجموعہ محسن خالد محسنؔ کی شاعری کے مطالعے کے لیے ایک مفید حوالہ بن سکتی ہے۔

راقمہ نے محسن خالد محسنؔ کی نظموں کو شائع کرنے اور اُن کے شعری مجموعوں کو یکجا کرنے کی ضرورت اس لیے محسوس کی کہ اُن کی تخلیقات میں ذاتی تجربے، سماجی مشاہدے اور فکری سوالات کا ایک مسلسل سلسلہ موجود ہے۔ اُن کی شاعری میں خاموشی بھی بولتی ہے، سوال بھی اپنی جگہ قائم رہتا ہے اور شکست کے اندر بھی کسی نئے امکان کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ یہی عناصر اُن کے شعری سفر کو قابلِ مطالعہ بناتے ہیں۔

محسن خالد محسنؔ کی شاعری کو کسی ایک موضوع یا ایک ہی کیفیت میں محدود نہیں کیا جا سکتا۔ اُن کے ہاں محبت اور جُدائی، شناخت اور خود فریبی، عورت کا تجربہ اور پدر سری سماج، جدید ٹیکنالوجی اور انسانی تنہائی، خواب اور تقدیر، شکست اور امید؛یہ سب ایک دوسرے سے مربوط ہو کر سامنے آتے ہیں۔ اُن کی تخلیقی انفرادیت کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ وہ ذاتی تجربے کو سماجی سوال میں اور روزمرہ شے کو علامتی مفہوم میں تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اُن کی نظموں میں سوال اُٹھانے کا حوصلہ، مانوس تصورات سے اختلاف اور اپنی داخلی کیفیت کے اظہار کی بے باکی نمایاں ہے۔

ایک شاعر کی ادبی اہمیت کا حتمی تعین وقت، تنقیدی مکالمے اور قارئین کے مسلسل مطالعے سے ہوتا ہے۔ محسن خالد محسنؔ کی شاعری میں ایسے موضوعات اور اُسلوبی امکانات موجود ہیں جو جدید اُردو نظم کے مطالعے میں توجہ کے مستحق ہیں۔ اُمیدِ واثق ہے کہ ”عکسِ ناتمام” قارئین کو اُن کے تخلیقی سفر کے مختلف مراحل سے روشناس کرائے گی اور اُن کی نظموں کو نئے سوالات اور تنقیدی زاویوں سے پڑھنے کی ترغیب دے گی۔ جدید اُردو نثری نظم کے تناظر میں یہ کلیات ایک قابلِ توجہ اضافہ ثابت ہو سکتی ہے۔

ڈاکٹر عظمٰی نورین
گورنمنٹ جی سی یونی ورسٹی،سیالکوٹ

محسن خالد محسن

محمد محسن خالد (محسن خالد محسن) ؔ شاعر ،ادیب،محقق ،نقاد اور اُستاد ہیں۔ ان کے تین شعری مجموعے "کچھ کہنا ہے"،دُھند میں لپٹی شام اور"ت لاش" شائع ہو چکے ہیں۔ا نھوں نے کلاسیکی غزل میں "کلاسیکی غزل میں تلمیحات کا تحقیقی و تنقیدی مطالعہ" کے موضوع پرناردرن یونی ورسٹی نوشہرہ سے پی ایچ ۔ڈی(اُردو) 2024 میں کی ہے۔بہ حیثیت لیکچرار(اُردو) گورنمنٹ شاہ حسین گریجوایٹ کالج چوہنگ میں شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔ ان کے پنتیس سے زائد تحقیقی مقالات ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مصدقہ جنرلز میں شائع ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کے معروف ادبی رسائل وجرائد اوربرقی اخبارات و بلاگز میں ان کے متفرق موضوعات پر مضامین اور کالمز باقاعدگی سے شائع ہو تے رہتے ہیں۔ ادب،سماج، معاشرت،سیاست و حالاتِ پر ببانگِ دُہل اپنی رائے کا اظہارکرتے ہیں۔