پاک – امریکہ تعلقات

ایک اردو تحریر از یوسف صدیقی

پاک–امریکہ تعلقات: تاریخ، سیاست اور عوامی رویے

وزیراعظم کے دورہ امریکہ میں، ٹرمپ سے غیر رسمی ملاقات کے مناظر دیکھ کر میرے دل میں ایک عجیب سی تجسس اور دلکشی کی لہر دوڑ گئی۔ کبھی کبھی سوچتا ہوں کہ یہی نازک لمحے ہی اصل کہانی سناتے ہیں، جو بریفنگز اور سرکاری رپورٹس میں کبھی پوری طرح اجاگر نہیں ہو پاتے۔

پاکستان اور امریکہ کے تعلقات ہمیشہ میرے لیے ایک دلچسپ اور کبھی کبھی الجھن پیدا کرنے والا موضوع رہے ہیں۔ میں اکثر سوچتا ہوں کہ ہم واقعی ایک دوسرے کے قریبی دوست ہیں یا صرف ایک ایسا رشتہ ہے جو حالات کے دباؤ میں چل رہا ہے۔ کبھی ایسا لمحہ آتا ہے جب کوئی اچانک خبر یا فیصلہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، دل کہتا ہے کہ شاید اب تعلقات میں حقیقتاً گرم جوشی ہے، اور پھر اگلے ہی دن کوئی اختلاف یا پابندی آتی ہے، اور دل کے اندر ایک چھوٹا سا تلخ سا احساس رہ جاتا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ میں ایک بار کسی مضمون میں یہ لکھ رہا تھا کہ تعلقات صرف سفارتی سطح پر نہیں بلکہ عوام کی امیدوں، خوابوں اور تحفظات سے بھی جڑے ہیں، اور تب مجھے خود محسوس ہوا کہ یہ بالکل سچ ہے۔ یہ رشتہ کبھی ہم پر اثر انداز ہوتا ہے،اور شاید یہی لچک ہی اس کی پہچان ہے—دور بھی ہوتا ہے، قریب بھی آتا ہے، اور ہمیشہ ہمیں سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ واقعی دوستی کا مطلب کیا ہے۔

پاکستان کے قیام کے فوراً بعد ہی امریکہ سے روابط قائم ہوئے۔ سرد جنگ کا زمانہ شروع ہوا تو پاکستان نے مغربی بلاک کا حصہ بننے میں دیر نہیں لگائی۔ امریکہ کے ساتھ دفاعی معاہدے، سیٹو اور سینٹو میں شمولیت اور عسکری امداد کا حصول اُس وقت پاکستان کے لیے طاقت کا ذریعہ تھا۔ لیکن اس طاقت کی قیمت یہ تھی کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی محدود ہو گئی اور اسے خودمختاری میں کمی محسوس ہونے لگی۔ اس زمانے میں امریکہ نے پاکستان کو اس لیے اہمیت دی کہ وہ خطے میں سوویت یونین کے مقابلے کے لیے ایک اتحادی چاہتا تھا۔

افغان جنگ کے دوران تعلقات ایک نئی بلندی کو پہنچے۔ سوویت یونین کے خلاف جہاد میں پاکستان اور امریکہ کا اشتراک ایک لازمی حقیقت بن گیا۔ پاکستان کے قبائلی علاقے، مدارس اور عسکری ڈھانچے اس جنگ میں استعمال ہوئے اور امریکہ نے مالی و عسکری امداد کے ذریعے پاکستان کی مدد کی۔ مگر جب سوویت یونین پسپا ہوا تو امریکہ نے اچانک پاکستان سے رخ موڑ لیا۔ اس بے رخی نے پاکستانی عوام میں یہ تاثر مزید گہرا کیا کہ امریکہ ضرورت پڑنے پر دوست بنتا ہے اور مقصد پورا ہوتے ہی لاتعلق ہو جاتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں امریکہ کے ساتھ تعلقات ہموار نہ رہ سکے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے عہد میں "میمو گیٹ اسکینڈل” سامنے آیا جس نے ایک بڑا طوفان کھڑا کر دیا۔ اس معاملے میں یہ الزام سامنے آیا کہ امریکی حکام کو ایک خفیہ میمو کے ذریعے پاکستان کی فوجی قیادت کو قابو میں رکھنے کی درخواست کی گئی تھی تاکہ حکومت کو داخلی دباؤ سے بچایا جا سکے۔ اس اسکینڈل نے نہ صرف ملکی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا بلکہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات پر بھی منفی اثر ڈالا۔ واشنگٹن میں پاکستان کی سیاسی قیادت پر اعتماد کمزور ہوا اور اندرونِ ملک یہ تاثر مزید گہرا ہوا کہ پاکستانی حکمران طبقہ اپنی بقا کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کرتا ہے۔ اس تنازعے نے دونوں ملکوں کے درمیان پہلے سے موجود بداعتمادی کو مزید بڑھا دیا اور تعلقات میں ایک نئی کشیدگی پیدا کر دی۔

عمران خان کی حکومت کے دوران پاک–امریکہ تعلقات ایک نئی کشیدگی کا شکار ہوئے۔ جب افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد خطے میں نئی حکمتِ عملی بن رہی تھی، عمران خان نے کھل کر یہ مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان امریکی مفادات کے لیے دوبارہ اپنی سرزمین استعمال نہیں کرے گا۔ ان کا مشہور جملہ "Absolutely Not” پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک علامتی حیثیت اختیار کر گیا۔ اگرچہ اس بیان نے عوامی سطح پر امریکہ مخالف جذبات کو تقویت دی اور عمران خان کو ایک نڈر رہنما کے طور پر پیش کیا، لیکن سفارتی سطح پر اس نے امریکہ کے ساتھ فاصلے بڑھا دیے۔ واشنگٹن میں یہ تاثر پیدا ہوا کہ پاکستان امریکہ سے مکمل طور پر الگ ہو کر چین اور روس کے قریب جانا چاہتا ہے۔ یہی وجہ تھی کہ عمران خان کی حکومت کے آخری دنوں میں امریکہ اور پاکستان کے تعلقات نہایت سرد مہری کا شکار رہے۔ یہ کشیدگی پاکستان کی معیشت اور سفارت کاری پر براہِ راست اثر انداز ہوئی اور آنے والی حکومت کے لیے تعلقات کی بحالی ایک مشکل چیلنج بن گئی۔

نیٹو سپلائی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں ایک بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ افغانستان میں امریکی اور اتحادی افواج کی موجودگی کے دوران تمام لاجسٹک سپورٹ کا سب سے بڑا انحصار پاکستان کے راستوں پر تھا۔ پاکستان نے اپنی جغرافیائی اہمیت کو بروئے کار لاتے ہوئے نیٹو سپلائی کو جاری رکھا، حالانکہ اس فیصلے پر اندرونِ ملک شدید تنقید بھی ہوئی۔ یہ سپلائی لائن دراصل کراچی کی بندرگاہ سے شروع ہوتی، وہاں سے کنٹینرز اور آئل ٹینکرز کے قافلے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے راستے افغانستان پہنچتے۔ ان قافلوں میں نہ صرف ایندھن اور خوراک شامل ہوتی تھی بلکہ فوجی گاڑیاں، اسلحہ، گولہ بارود، میڈیکل سازوسامان اور فوجی رہائش کے لیے درکار دیگر اشیاء بھی پہنچائی جاتیں۔ امریکہ کے لیے یہ سپلائی افغانستان میں القاعدہ اور طالبان کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے اور اپنی فوجی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے ناگزیر تھی۔ پاکستان نے کئی مواقع پر نیٹو سپلائی معطل بھی کی، خاص طور پر جب ڈرون حملوں یا سلالہ چیک پوسٹ جیسے واقعات پر عوامی دباؤ بڑھا، مگر بعد ازاں عالمی دباؤ اور سفارتی ضرورتوں کے باعث یہ سپلائی دوبارہ بحال کی جاتی رہی۔ حقیقت یہ ہے کہ افغانستان میں امریکی کامیابی کا ایک بڑا سہرا پاکستان کی فراہم کردہ نیٹو سپلائی لائن کے سر جاتا ہے، جس کے بغیر وہاں فوجی آپریشن اور عسکری ڈھانچے کو قائم رکھنا ممکن نہ تھا۔
نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں پاک–امریکہ تعلقات کو نسبتاً استحکام ملا۔ نواز شریف نے ہمیشہ امریکہ کے ساتھ بہتر روابط قائم رکھنے کی پالیسی اپنائی۔ 2012-13 کے عرصے میں امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے پاکستان و افغانستان رچرڈ ہالبروک اکثر پاکستان آ کر نواز شریف سے ملاقات کیا کرتے تھے۔ ان ملاقاتوں کو واشنگٹن میں بھی بڑی اہمیت دی جاتی تھی کیونکہ انہیں اس بات کا عندیہ سمجھا جاتا تھا کہ ن لیگ کی قیادت امریکہ کے ساتھ تعلقات کو کشیدہ کرنے کے بجائے بہتر بنانے کی خواہاں ہے۔ رچرڈ ہالبروک کے انتقال پر نواز شریف نے نہ صرف کھل کر افسوس کا اظہار کیا بلکہ ان کی آخری رسومات میں بھی شریک ہوئے، جو پاکستان کی سیاسی قیادت اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں ایک مثبت اشارہ سمجھا گیا۔ ن لیگ کے دور میں یہ تاثر قائم ہوا کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو متوازن رکھنے اور غلط فہمیوں کو کم کرنے کے لیے ایک سنجیدہ کوشش کی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ن لیگ کے دور میں واشنگٹن کے ساتھ روابط میں نسبتاً زیادہ ہم آہنگی دیکھنے کو ملی

جنرل عاصم منیر کا دورۂ امریکہ پاک–امریکہ تعلقات میں ایک غیر معمولی اور تاریخی لمحہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ کسی امریکی صدر نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف کو اس سطح پر مدعو کیا اور وائٹ ہاؤس میں لنچ پر بٹھایا۔ اس ملاقات نے یہ واضح کر دیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت کو نہ صرف دفاعی معاملات میں بلکہ سفارتی اور تزویراتی حوالے سے بھی ایک کلیدی کردار حاصل ہے۔ ملاقات تقریباً دو گھنٹے جاری رہی، جس میں علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف تعاون، مشرقِ وسطیٰ کی بدلتی صورتحال، توانائی کے منصوبے اور تجارتی مواقع پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر جنرل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک ایسے رہنما کے طور پر پیش کیا جو خطے میں امن قائم رکھنے اور تنازعات کو روکنے میں عملی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ امریکی میڈیا نے بھی اس ملاقات کو خاصی اہمیت دی اور لکھا کہ پاکستان کی فوجی قیادت کو واشنگٹن میں ایک نئے زاویے سے دیکھا جا رہا ہے۔ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ سرکاری بیان میں بتایا گیا کہ اس ملاقات میں مستقبل کے اقتصادی تعاون، ٹیکنالوجی، حتیٰ کہ جدید کرپٹو کرنسی کے شعبے میں بھی ممکنہ اشتراک پر بات ہوئی۔ اس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو محض سیکیورٹی تک محدود نہیں رکھنا چاہتے بلکہ انہیں معاشی اور تکنیکی بنیادوں پر بھی وسعت دینا چاہتے ہیں۔

جنرل عاصم منیر کا متوازن اور پروفیشنل انداز امریکی پالیسی سازوں کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہا کہ پاکستان محض ایک روایتی اتحادی نہیں بلکہ خطے میں ایک ذمہ دار قوت ہے جو عالمی امن اور ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ ان کا یہ دورہ پاکستان کے لیے ایک سفارتی کامیابی بھی ثابت ہوا کیونکہ اس نے یہ پیغام دیا کہ اسلام آباد اور واشنگٹن ایک دوسرے کو نئے تناظر میں دیکھنے کے لیے تیار ہیں۔ مبصرین کے مطابق اس ملاقات نے مستقبل میں پاک–امریکہ تعلقات کو ایک نئی جہت دینے کی بنیاد رکھ دی، اور یہ احساس پیدا کیا کہ پاکستان کی عسکری قیادت اب صرف میدانِ جنگ کی قوت نہیں بلکہ عالمی سفارت کاری میں بھی ایک معتبر آواز ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت کے حوالے سے رویہ وقت کے ساتھ سخت اور مخالفانہ رخ اختیار کرتا گیا۔ ابتدا میں تعلقات کو معمول پر رکھنے کی کوشش ضرور کی گئی، مگر جلد ہی ٹرمپ نے کھل کر بھارت پر تنقید شروع کر دی۔ انہوں نے نہ صرف امریکی مصنوعات پر بھارت کی طرف سے بھاری ٹیکس عائد کرنے کو "ناقابلِ برداشت” قرار دیا بلکہ یہ بھی کہا کہ بھارت نے برسوں تک امریکہ کا استحصال کیا اور یکطرفہ تجارتی فائدے اٹھائے۔ اس کے نتیجے میں ٹرمپ انتظامیہ نے بھارتی مصنوعات پر بھاری ٹرف عائد کیے جس سے دہلی کو اربوں ڈالر کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

اسی کے ساتھ ٹرمپ نے H-1B ویزا پروگرام میں بھی سخت پابندیاں لگائیں، جو براہِ راست لاکھوں بھارتی آئی ٹی ماہرین اور انجینئرز کو متاثر کرتی ہیں۔ یہ وہ ویزے تھے جن کی بنیاد پر بھارت کے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد امریکہ کی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں اہم کردار ادا کرتے تھے۔ ٹرمپ کی اس پالیسی نے بھارتی ٹیکنالوجی سیکٹر کے خواب چکنا چور کر دیے اور بھارت میں یہ تاثر پختہ ہو گیا کہ امریکی صدر اب بھارت کو ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے والی قوت کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

اس کے علاوہ روسی تیل کی درآمد پر بھی ٹرمپ نے بھارت کو کھلے عام نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت اپنی توانائی کی پالیسیوں کے ذریعے امریکہ کو دھوکہ دے رہا ہے اور امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ یہ تنقید محض بیانات تک محدود نہیں رہی بلکہ تجارتی سطح پر بھی امریکہ نے بھارت پر سخت اقدامات کیے۔
ان سب اقدامات نے ایک واضح پیغام دیا کہ ٹرمپ بھارت کے دوست نہیں بلکہ ایک سخت ناقد اور دراصل عملی طور پر مخالف ہیں، جو ہر محاذ پر بھارت کو دباؤ میں لانے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی پالیسیوں نے یہ ثابت کر دیا کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات محض دکھاوے کے "اسٹریٹجک پارٹنرشپ” سے آگے نہیں بڑھ سکے اور ٹرمپ کے دور میں یہ تعلقات کشیدگی اور بداعتمادی کے بوجھ تلے دب گئے۔

معاشی اعتبار سے بھی امریکہ کا کردار پاکستان کے لیے ہمیشہ دو دھاری تلوار رہا ہے۔ ایک طرف امداد اور سرمایہ کاری کے مواقع نے پاکستان کو سہارا دیا، دوسری طرف امریکی دباؤ اور شرائط نے ملکی خودمختاری پر سوالات اٹھائے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک میں امریکی اثر نے پاکستان کے لیے قرضوں اور پالیسیوں کی ایک ایسی زنجیر بنا دی جس نے ہماری معیشت کو بار بار پابند کیا۔ دفاعی شعبے میں بھی یہی صورتحال رہی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار جانوں کی قربانی دی، مگر امریکی بیانیے میں پاکستان کو ہمیشہ شک کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ "ڈو مور” کے مطالبے اور ڈرون حملوں نے عوامی نفرت کو بڑھایا اور یہ احساس پیدا کیا کہ امریکہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرنے کے بجائے ہمیشہ مطالبات بڑھاتا ہے۔

خطے کے تناظر میں امریکہ کے بھارت کے ساتھ تعلقات نے پاکستان کے خدشات کو مزید بڑھایا۔ امریکہ نے بھارت کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ قائم کی، ایٹمی معاہدے کیے اور معاشی تعاون بڑھایا۔ پاکستان کے لیے یہ صورتحال ہمیشہ پریشانی کا باعث رہی کیونکہ یہ توازن کو بگاڑتی ہے۔ افغانستان کے مسئلے پر بھی پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کبھی قریب آئے اور کبھی فاصلے بڑھ گئے۔ آج جب چین اور امریکہ کے درمیان عالمی سطح پر کشیدگی بڑھ رہی ہے تو پاکستان ایک نئے دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، کیونکہ اس کے چین کے ساتھ تعلقات بہت گہرے ہیں اور امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو محدود کرے۔

پاکستانی عوام کے رویے بھی ان تعلقات کو ایک خاص رنگ دیتے ہیں۔ عام آدمی امریکہ کو ایک سازشی طاقت سمجھتا ہے۔ میڈیا میں اکثر امریکہ مخالف بیانیہ ابھارا جاتا ہے۔ ڈرون حملوں، افغانستان کی جنگ اور بھارت کی طرف امریکی جھکاؤ جیسے مسائل عوام میں امریکہ کے خلاف جذبات کو بھڑکاتے ہیں۔ یوں عوامی تاثر ہمیشہ سے امریکہ کے حق میں نرم نہیں رہا۔

یہاں مذہبی جماعتوں کا کردار بھی قابل ذکر ہے۔ مذہبی جماعتوں نے ہمیشہ امریکہ مخالف نعروں کو اپنی سیاست کا حصہ بنایا ہے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مقدمہ اس بیانیے کو نئی قوت دیتا رہا ہے۔ جماعت اسلامی اور دیگر مذہبی گروہ اس مسئلے کو بنیاد بنا کر بڑے بڑے جلسے اور ریلیاں کرتے ہیں۔ ان اجتماعات میں امریکہ کو "ظالم قوت” کے طور پر پیش کیا جاتا ہے اور عوامی جذبات کو ابھارا جاتا ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ان مظاہروں کا براہِ راست اثر امریکی پالیسیوں پر پڑتا ہے؟ حقیقت یہ ہے کہ امریکی پالیسی کا فیصلہ واشنگٹن کے ایوانوں میں ہوتا ہے، عوامی جلوسوں سے نہیں۔ ان ریلیوں کا اثر زیادہ تر پاکستان کی داخلی سیاست اور عوامی تاثر پر پڑتا ہے۔ حکومت کو ان جذباتی ماحول میں امریکہ کے ساتھ تعلقات قائم رکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔

یہ بھی حقیقت ہے کہ مذہبی جماعتوں کی امریکہ مخالف مہم اکثر سیاسی مقاصد اور ووٹ بینک کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ ایک مصنوعی ماحول ہوتا ہے جس میں عوامی جذبات کو نعرے بازی کے ذریعے گرمایا جاتا ہے۔ عملی طور پر یہ جماعتیں خارجہ پالیسی پر اثر انداز نہیں ہوتیں اور نہ ہی امریکہ اپنی حکمتِ عملی ایسے مظاہروں کی وجہ سے تبدیل کرتا ہے۔ تاہم اس کا نقصان یہ ہے کہ عوامی سطح پر امریکہ کے بارے میں نفرت اور شکوک مزید گہرے ہو جاتے ہیں، اور حکومت کی سفارت کاری پر عوامی دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

شہباز شریف کی حکومت کے دوران پاک–امریکہ تعلقات ایک نئے موڑ پر آ کر کھڑے ہوئے۔ سابقہ حکومت کے دوران تعلقات میں جو کشیدگی اور بداعتمادی پیدا ہوئی تھی، اس کو کم کرنے کے لیے شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے سفارتی محاذ پر نسبتاً نرم اور مصالحتی رویہ اختیار کیا۔ واشنگٹن کے ساتھ تعلقات کو ازسرِ نو بحال کرنے کی کوشش کی گئی، تاکہ معاشی مشکلات کے شکار پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس دوران آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے اور قرضوں کی بحالی میں امریکہ کے کردار کو اہم سمجھا گیا۔ شہباز حکومت نے بارہا یہ عندیہ دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ تعلقات کو محاذ آرائی کے بجائے تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ تاہم یہ حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ بھارت کے ساتھ امریکی تعلقات اور چین کے خلاف امریکی حکمتِ عملی نے شہباز حکومت کو ایک مشکل صورتحال میں ڈال دیا۔ ایک طرف معاشی ضرورتیں پاکستان کو امریکہ کے قریب جانے پر مجبور کرتی ہیں، تو دوسری طرف چین کے ساتھ تاریخی تعلقات اور عوامی سطح پر امریکہ مخالف جذبات اس قربت میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ شہباز شریف حکومت کے لیے یہ توازن قائم رکھنا سب سے بڑی سفارتی آزمائش تھی، اور یہ آزمائش آئندہ بھی پاکستان کی ہر حکومت کو درپیش رہے گی۔

موجودہ حالات میں پاکستان کے لیے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانا ایک ضرورت بھی ہے اور مجبوری بھی۔ معاشی بحران، سیاسی بے یقینی اور خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال یہ تقاضا کرتی ہے کہ پاکستان اپنی پالیسی کو متوازن رکھے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف مزید اقدامات کرے اور خطے میں استحکام کے لیے کردار ادا کرے، جبکہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکہ بھارت کے ساتھ تعلقات میں توازن قائم کرے اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دے۔ مستقبل میں یہ تعلقات بہتر ہو سکتے ہیں اگر دونوں ممالک اعتماد سازی پر توجہ دیں، ایک دوسرے کے خدشات کو سمجھیں اور تعلیم، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی مسائل جیسے نئے شعبوں میں تعاون بڑھائیں۔

بگرام ایئر بیس کے دوبارہ کنٹرول کے حوالے سے امریکی اقدام خطے میں نئی کشیدگی اور پیچیدگی پیدا کر رہا ہے، اور اس میں پاکستان کا کردار بھی اہم مگر نازک نوعیت کا ہے۔ جغرافیائی اعتبار سے پاکستان افغانستان کا ہمسایہ ہے اور اس کی سرزمین کے راستے امریکی نقل و حمل اور سپلائی لائنز کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اسی لیے واشنگٹن اکثر اسلام آباد سے توقع رکھتا ہے کہ وہ طالبان پر اثر انداز ہو کر اپنے مفادات کے تحفظ میں مدد کرے گا۔ پاکستان کی سفارتی اور سیاسی مداخلت کسی حد تک بگرام بیس کے معاملے میں امریکی حکمت عملی کی کامیابی یا ناکامی کا تعین کر سکتی ہے۔ طالبان کی حکومت نے بگرام پر غیر ملکی فوجی موجودگی کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے، لیکن پاکستان کے اثر و رسوخ کے ذریعے امریکہ طالبان کے رویے میں تبدیلی کے لیے دباؤ ڈال سکتا ہے یا مذاکرات میں سہولت فراہم کر سکتا ہے۔ اس طرح، پاکستان نہ صرف ایک ہمسایہ ملک بلکہ خطے میں استحکام یا کشیدگی کے فیصلہ کن عنصر کے طور پر ابھرتا ہے۔ اس صورتحال میں پاکستان کی حکمت عملی کا تقاضا ہے کہ وہ اپنے قومی مفادات، افغان خودمختاری اور خطے میں امن و استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے کردار کو متوازن انداز میں استعمال کرے، کیونکہ بگرام بیس جیسے حساس اور اسٹریٹجک مقامات پر کسی بھی امریکی اقدام کے نتائج براہِ راست افغانستان، پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔ یوں یہ معاملہ صرف امریکی اور افغان تعلقات تک محدود نہیں بلکہ پاکستان کی سیاسی بصیرت، سفارتی حکمت اور اسٹریٹجک مداخلت کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
پاک–امریکہ تعلقات محض ایک دو طرفہ رشتہ نہیں بلکہ عالمی سیاست کی ایک اہم کڑی ہیں۔ ان میں نہ صرف تاریخ اور معیشت کا بوجھ شامل ہے بلکہ عوامی تاثر اور مذہبی سیاست بھی اپنا اثر ڈالتی ہے۔ لیکن اصل حقیقت یہی ہے کہ ان تعلقات کا فیصلہ واشنگٹن اور اسلام آباد کے طاقتور اداروں کی میزوں پر ہوتا ہے، نہ کہ عوامی جلسوں اور نعروں میں۔ اگر پاکستان نے دانشمندی، حقیقت پسندی اور متوازن حکمتِ عملی اپنائی تو یہ تعلقات تناؤ کے باوجود ایک نئے باب کی طرف بڑھ سکتے ہیں، ورنہ تاریخ خود کو بار بار دہراتی رہے گی۔

یوسف صدیقی

یوسف صدیقی

میرا نام یوسف صدیقی ہے اور میں ایک تجربہ کار کالم نگار اور بلاگر ہوں۔ میں نے 2009 سے تحریری دنیا میں قدم رکھا اور مختلف پلیٹ فارمز پر اپنے خیالات عوام کے سامنے پیش کیے۔ میں نے روزنامہ دنیا میں مختصر کالم لکھے اور 2014 میں بہاولپور کے مقامی اخبار صادق الاخبار میں بھی مستقل لکھائی کا تجربہ حاصل کیا۔ اس کے علاوہ، میں نے ڈیجیٹل ویب سائٹ "نیا زمانہ" پر کالم شائع کیے اور موجودہ طور پر بڑی ویب سائٹ "ہم سب" پر فعال ہوں۔ میری دلچسپی کا مرکز سماجی مسائل، سیاست اور عمرانیات ہے، اور میں نوجوانوں اور معاشرتی تبدیلیوں کے موضوعات پر مؤثر اور معلوماتی تحریریں پیش کرنے کے لیے کوشاں ہوں۔ بلاگ نویسی کا تجربہ: میں تقریباً 15 سال سے مختلف پلیٹ فارمز پر لکھ رہا ہوں۔ میری تحریریں عوامی، سیاسی اور سماجی موضوعات پر مبنی ہیں۔