ہے سارا بدن مشکِ خُتن اور ذَقن پھول

ایک اردو نعت مبارکہ از وقیع

ہے سارا بدن مشکِ خُتن اور ذَقن پھول
آنکھیں مہِ کامل تو لبِ لعلِ یَمَن پھول

خوشبوۓ جہاں آپ کے سانسوں کی بھکارن
دربارِ نَفَس ڈھونڈتے پھرتے ہیں چمن ،پھول

تھیں ساحلِ دریا میں درودوں کی ہوائیں
ہر موج کے آنچل میں بنے شبنمی تن پھول

تشبیہ نے خوشبو کی الجھ کر یہ بتایا
خود ان کے وسیلے سے معطر ہے چمن، پھول

اِس قلب کی دھڑکن کی صدا میں یہ دعا ہے
ہو عشق سے ان کے یہ لَحَد پھول کفن پھول

ہیں فاطمہ خوشبو تو علی رنگِ گل و برگ
آقا ہیں گلستاں تو حُسین اور حسن پھول

جب نعت میں الفت کے سجاۓ ہیں قوافی
پھر قافیہ بندی سے ہوۓ شعر و سخن پھول

نکہت کے کٹورے سے وقیع آئی صدائیں
دیکھا تو ثنا خوانی میں یکسر تھا مگن پھول

سید محمد وقیع

سید محمد وقیع

سید محمد وقیع تخلص وقیع رہائش اورنگی ٹاون کراچی تاریخِ پیدایش جون 2004