ہم غریب کیوں ہیں؟

محسن خالد محسنؔ کی ایک اردو تحریر

غربت صرف آمدنی کی کمی کا نام نہیں، بعض اُوقات ہمارے رویّے بھی ہماری خوش حالی کے راستے میں دیوار بن جاتے ہیں۔ ہم اکثر اپنی غربت کا ماتم کرتے ہیں۔ کبھی حالات کو کوستے ہیں، کبھی قسمت کو الزام دیتے ہیں، کبھی نظام کی ناانصافیوں کا شکوہ کرتے ہیں اور کبھی معاشرے میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم کو اپنی محرومیوں کا سبب قرار دیتے ہیں۔ بلاشبہ یہ تمام عوامل اپنی جگہ اہم ہیں، لیکن کیا ہم نے کبھی اپنی ذات کے اندر جھانک کر یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ہماری غربت میں ہمارے اپنے رویّوں، عادتوں اور طرزِ زندگی کا کتنا حصہ ہے؟ کیا یہ ممکن نہیں کہ ہم میں سے بعض لوگ اتنے غریب؛ حالات کی وجہ سے نہیں بلکہ اپنی مصنوعی ضروریات، غیر ضروری اخراجات اور دوسروں کو متاثر کرنے کی خواہش کے باعث ہوتے ہیں؟

حقیقت یہ ہے کہ غربت ہمیشہ جیب میں پیسوں کی کمی سے پیدا نہیں ہوتی، بعض اُوقات یہ ہمارے ذہن میں پلنے والی خواہشوں، ترجیحات اور عادتوں میں بھی پرورش پاتی ہے۔ ہم ایک ایسی زندگی گزارنے کے خواہش مند ہوتے ہیں جو ہماری حقیقی معاشی حیثیت سے مطابقت نہیں رکھتی۔ ہم اپنی زندگی اپنے لیے کم اور دوسروں کی نگاہوں کے لیے زیادہ ترتیب دیتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ لوگ ہمیں خوش حال سمجھیں، چاہے اس خوش حالی کی قیمت ہمیں اپنی عدم ذہنی آسودگی، دِگر گُوں مالی استحکام اور تاریک مستقبل کی بے چینی کی صورت میں ہی کیوں نہ ادا کرنا پڑے۔

ہماری زندگی میں ایک عجیب قسم کا تصنُع اور بناوٹ دَر آیا ہے۔ کھانے پینے سے لے کر اُٹھنے بیٹھنے تک، لباس سے لے کر رہائش تک اور سفر سے لے کر میل ملاقات تک، ہم ہر معاملے میں اپنی حیثیت سے بڑھ کر دکھائی دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ہمیں اس بات سے زیادہ غرض نہیں ہوتی کہ ہماری ضرورت کیا ہے، بلکہ ہماری توجہ اس بات پر مرکوز رہتی ہے کہ دوسرے ہمیں کس نظر سے دیکھتے ہیں۔ یوں ہم اپنی ذات کی تسکین کی بجائے دوسروں کی پسند اور ناپسند کے اسیر ہو جاتے ہیں۔

مثال کے طور پر ایک شخص مناسب کرائے کے مکان میں اطمینان سے رہ رہا ہے، لیکن اسے اچانک احساس ہوتا ہے کہ اپنا مکان ہونا چاہیے۔ وہ اپنی استطاعت سے بڑھ کر مکان خریدنے یا بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ کچھ عرصے بعد اسے اپنا مکان چھوٹا محسوس ہونے لگتا ہے۔ اب اسے بڑا مکان چاہیے۔ بڑا مکان مل جائے تو کسی دوسرے کا مکان اس سے زیادہ خوب صورت دکھائی دینے لگتا ہے۔ اس طرح خواہشوں کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ہم اسے ترقی، کامیابی اور فطری خواہش کا نام دیتے ہیں، حالاں کہ اس کا ایک بڑا حصہ احساسِ کمتری، مقابلے بازی اور مصنوعی برتری کے جذبے سے پیدا ہوتا ہے۔

یہی صورتِ حال ہمارے لباس کے معاملے میں بھی ہے۔ ایک شخص مہنگا سوٹ خریدتا ہے، اسے ایک دو مرتبہ پہنتا ہے اور پھر الماری میں رکھ دیتا ہے۔ اب وہ دوبارہ اسے پہننے سے گُریز کرتا ہے کہ لوگ کیا کہیں گے، شاید وہ سمجھیں کہ اس کے پاس پہننے کے لیے دوسرا لباس نہیں۔ رفتہ رفتہ وہ سوٹ الماری میں پڑا، پڑا ہماری بے جا نمائش کی ایک خاموش علامت بن جاتا ہے۔ الماری کھولی جائے تو چالیس پچاس جوڑے موجود ہوتے ہیں، لیکن صاحبِ خانہ کا شکوہ وہی ہوتا ہے کہ میرے پاس پہننے کے لیے کچھ نہیں۔ یہی معاملہ جوتوں، گھڑیوں، موبائل فونز اور دیگر اشیا کا ہے۔ ضرورت سے زیادہ چیزیں جمع کرنے کے باوجود ہم احساسِ محرومی میں مبتلا رہتے ہیں۔

اب تو لباس کے ساتھ جوتوں کا رنگ ملانے کی ایسی غیر ضروری روایت بھی پیدا ہو چکی ہے کہ اگر کپڑوں کا رنگ الگ ہو تو جوتے بھی اسی رنگ کے ہونے چاہییں۔ گویا شخصیت کی تکمیل اب کردار، گفتگو اور ذہنی بلوغت سے نہیں بلکہ رنگوں کی مطابقت سے ہونے لگی ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم واقعی اپنی ضرورت کے لیے خریداری کرتے ہیں یا محض ایک مخصوص تاثر قائم کرنے کے لیے اپنی جیب پر بوجھ ڈالتے ہیں؟

یہی رویّہ ہماری آمدورفت اور تقریبات میں بھی دکھائی دیتا ہے۔ ایک شخص موٹر سائیکل پر جا رہا ہے، لیکن جب اسے معلوم ہوتا ہے کہ دوسرے لوگ گاڑیوں میں پہنچ رہے ہیں تو وہ بھی اپنی حیثیت سے بڑھ کر گاڑی کرائے پر حاصل کرتا ہے۔ بعض اُوقات اس مقصد کے لیے اُدھار لینا پڑتا ہے۔ ایک وقتی نمائش کے لیے کئی ماہ کی مالی مشکلات مول لے لی جاتی ہیں۔ ہم ایک تقریب میں اپنی شان دکھانے کے لیے اپنی زندگی کے کئی دنوں کا سکون گروی رکھ دیتے ہیں۔ یہ کیسی خوش حالی ہے جس کے حصول میں انسان اپنی آسودگی ہی کھو بیٹھے؟

اکیسویں صدی کا انسان عالمگیریت کے اس دور میں رہ رہا ہے جہاں دوسروں کی زندگی ہر وقت اس کی نگاہوں کے سامنے ہے۔ سوشل میڈیا نے اس مقابلے کو مزید شدید کر دیا ہے۔ کسی کا نیا گھر، کسی کی نئی گاڑی، کسی کا بیرونِ ملک سفر، کسی کا مہنگا لباس اور کسی کی آسائشیں دیکھ کر ہم اپنی زندگی کا موازنہ شروع کر دیتے ہیں۔ ہمیں اپنی موجودہ سہولتیں کم تر دکھائی دینے لگتی ہیں۔ ہم اپنی خوشیوں کا پیمانہ دوسروں کی کامیابیوں کو بنا لیتے ہیں۔ یوں ایک ایسا مقابلہ شروع ہوتا ہے جس کی نہ کوئی منزل ہے اور نہ کوئی اختتام۔

سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنی خوشی کا اختیار بھی دوسروں کے ہاتھ میں دے دیتے ہیں۔ ہمیں یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ لوگ ہمارے بارے میں کیا سوچیں گے، ہمارے لباس کو کیسے دیکھیں گے، ہمارے گھر کو کس نظر سے جانچیں گے اور ہماری معاشی حیثیت کے بارے میں کیا رائے قائم کریں گے۔ حالاں کہ لوگوں کی رائے کوئی مستقل حقیقت نہیں۔ آج جو چیز انہیں متاثر کرتی ہے، کل وہی چیز ان کے لیے معمولی ہو جاتی ہے۔

دُنیا کی پسند بدلتی رہتی ہے، لیکن ہم اپنی ساری توانائی اس بدلتی ہوئی پسند کے تعاقب میں صرف کر دیتے ہیں۔نتیجہ سوائے غربت و کم مائیگی کے کیا ہو سکتا ہے۔

یہاں ایک بنیادی بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ انسان کی آمدنی کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ ہر شخص اپنی صلاحیت، قابلیت، محنت اور دستیاب مواقع کے مطابق کماتا ہے۔ ضروری نہیں کہ ہر شخص کروڑ پتی یا ارب پتی بن جائے۔ دولت کا حصول ہی زندگی کی واحد کامیابی نہیں۔ اگر ایک شخص اپنی محدود آمدنی میں اپنی ضروریات پوری کر رہا ہے، قرض سے محفوظ ہے، اپنے اہلِ خانہ کو وقت دے رہا ہے اور ذہنی سکون کے ساتھ زندگی گزار رہا ہے تو وہ اس شخص سے کہیں زیادہ آسودہ ہو سکتا ہے جو اپنی آمدنی سے کئی گنا زیادہ اخراجات کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔

مذہبی اور روحانی تناظر میں بھی ہمیں تقدیر، قسمت اور مقدر کے تصورات کو محض اپنی کوتاہیوں کا پردہ نہیں بنانا چاہیے۔ رزق کا معاملہ اپنی جگہ، لیکن اس کے ساتھ تدبیر، کفایت شِعاری، محنت اور درست ترجیحات بھی ضروری ہیں۔ انسان کو اپنی اِستطاعت کے مطابق زندگی گزارنے کا سلیقہ سیکھنا چاہیے۔ ہر محرومی کو قسمت کا لکھا قرار دے کر اپنی اصلاح کے امکانات بند کر دینا دانش مندی نہیں۔

میرے نزدیک اس مسئلے کا ایک سادہ اور قابلِ عمل حل یہ ہے کہ ہم صرف ماہانہ آمدنی اور اخراجات کا بجٹ نہ بنائیں بلکہ اپنی عادتوں کا بھی ایک بجٹ مرتب کریں۔ ہم دیکھیں کہ ہماری کون سی عادت کتنے پیسے خرچ کروا رہی ہے، کون سی خواہش ہماری ضرورت کا رُوپ دھار چکی ہے اور کون سا خرچ محض لوگوں کو متاثر کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ہم اپنی روزمرہ زندگی کا جائزہ لیں کہ کھانے پینے، لباس، تقریبات، خریداری، سفر اور معاشرتی میل جول میں کہاں غیر ضروری اخراجات کر رہے ہیں۔

اگر ہم اپنی عادتوں کا تجزیہ کریں تو شاید ہمیں معلوم ہو کہ ہماری آمدنی کا ایک بڑا حصہ ان چیزوں پر صرف ہو رہا ہے جن کے بغیر بھی ہماری زندگی بخوبی گزر سکتی ہے۔ ہمیں اپنی ضروریات اور خواہشات کے درمیان فرق کرنا سیکھنا ہوگا۔ ہر پسندیدہ چیز ضروری نہیں ہوتی اور ہر نئی چیز زندگی کو بہتر نہیں بناتی۔ بعض اوقات کسی چیز کو نہ خریدنا بھی ایک بڑی مالی کامیابی ہوتی ہے۔

ہمیں یہ بھی سیکھنا ہوگا کہ کہاں رُکنا ہے اور کہاں آگے بڑھنا ہے۔ ہر شخص سے آگے نکلنے کی خواہش انسان کو کبھی منزل تک نہیں پہنچنے دیتی۔ اپنی زندگی کو دوسروں کے پیمانوں سے ناپنے کی بجائے اپنی اِستطاعت، ضرورت اور ذہنی آسودگی کے مطابق ترتیب دینا ہی اصل دانائی ہے۔ جب انسان اپنی ترجیحات مُتعین کر لیتا ہے تو محدود آمدنی میں بھی ایک باوقار اور شاہانہ زندگی گزار سکتا ہے۔ اس کے برعکس لاکھوں اور اربوں کی دولت رکھنے والا شخص بھی مسلسل بے چینی، عدم اطمینان اور محرومی کا شکار رہ سکتا ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ غربت کی تمام وجوہات کو انفرادی عادتوں سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔ بے روزگاری، کم اُجرت، مہنگائی، وسائل کی غیر مُنصفانہ تقسیم، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کا فُقدان اور معاشی ناانصافیاں بھی غربت کے بنیادی اسباب ہیں۔ بہت سے لوگ ایسے ہیں جو انتہائی کفایت شِعاری اور محنت کے باوجود اپنی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر پاتے۔ ان کی محرومی کو ان کی عادتوں کا نتیجہ قرار دینا ناانصافی ہوگی۔ تاہم جہاں ہمارے اپنے رویّے اور ترجیحات ہمارے معاشی مسائل میں اضافہ کر رہے ہوں، وہاں اپنی اصلاح کی ذِمہ داری بھی ہمیں قبول کرنا ہوگی۔

اصل مسئلہ شاید یہ نہیں کہ ہمارے پاس کیا کچھ ہے، بلکہ یہ ہے کہ ہم اپنے پاس موجود چیزوں کے ساتھ کتنی بہتر زندگی گزارنے کا ہنر جانتے ہیں۔ زندگی اپنی اصل میں بہت سادہ ہے۔ اسے پیچیدہ ہم اپنی بے شمار خواہشوں، مصنوعی ضرورتوں اور دوسروں سے مقابلے کی خواہش کے ذریعے بناتے ہیں۔ زندگی نے کبھی ہم سے یہ تقاضا نہیں کیا کہ ہم ہر شخص سے بہتر لباس پہنیں، ہر شخص سے بڑا گھر بنائیں یا ہر شخص سے مہنگی گاڑی میں سفر کریں۔ یہ تقاضے ہم نے خود اپنے اوپر مسلط کر رکھے ہیں۔

ہمیں اپنی زندگی کو آسان بنانے کے لیے اپنی عادتوں کو بدلنا ہوگا۔ تصنع سے سادگی کی طرف، دکھاوے سے حقیقت کی طرف، غیر ضروری خواہشوں سے حقیقی ضرورتوں کی طرف اور دوسروں کی رائے سے اپنی ذات کے اطمینان کی طرف سفر کرنا ہوگا۔

غربت کا ایک پہلو جیب میں رقم کی کمی ہے، لیکن اس کا ایک دوسرا پہلو خواہشوں کی زیادتی بھی ہے۔ جب خواہشیں آمدنی سے بڑی ہو جائیں، ضرورتیں نمائش میں بدل جائیں اور زندگی دوسروں کو متاثر کرنے کی مشق بن جائے تو انسان اپنی کمائی کے باوجود غریب رہتا ہے۔

اس لیے کبھی اپنی آمدنی کا نہیں، اپنی عادتوں کا حساب بھی کیجیے۔ ممکن ہے آپ کی خوش حالی کا راستہ کسی نئی ملازمت، کسی بڑی آمدنی یا کسی غیر معمولی موقع سے نہیں بلکہ آپ کی کسی پرانی عادت کو ترک کرنے سے شروع ہوتا ہو۔

یاد رکھیے، انسان اس وقت خوش حال نہیں ہوتا جب اس کے پاس ہر چیز موجود ہو، بلکہ اس وقت خوش حال ہوتا ہے جب اسے معلوم ہو کہ اس کے لیے کیا کافی ہے۔

مختصر یہ کہ اپنی عادتیں بدلیے، اپنی ضروریات کو پہچانیے اور دوسروں کی زندگی جینے کی بجائے اپنی زندگی جینا شروع کیجئے۔ ممکن ہے آپ کی غربت کا ایک بڑا حصہ اِسی دن ختم ہو جائے جس دن آپ نے دوسروں کو متاثر کرنے کی بجائے خود کو مطمئن کرنا سیکھ لیا۔

محسن خالد محسنؔ

محسن خالد محسن

محمد محسن خالد (محسن خالد محسن) ؔ شاعر ،ادیب،محقق ،نقاد اور اُستاد ہیں۔ ان کے تین شعری مجموعے "کچھ کہنا ہے"،دُھند میں لپٹی شام اور"ت لاش" شائع ہو چکے ہیں۔ا نھوں نے کلاسیکی غزل میں "کلاسیکی غزل میں تلمیحات کا تحقیقی و تنقیدی مطالعہ" کے موضوع پرناردرن یونی ورسٹی نوشہرہ سے پی ایچ ۔ڈی(اُردو) 2024 میں کی ہے۔بہ حیثیت لیکچرار(اُردو) گورنمنٹ شاہ حسین گریجوایٹ کالج چوہنگ میں شعبہ تدریس سے وابستہ ہیں۔ ان کے پنتیس سے زائد تحقیقی مقالات ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مصدقہ جنرلز میں شائع ہو چکے ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستان کے معروف ادبی رسائل وجرائد اوربرقی اخبارات و بلاگز میں ان کے متفرق موضوعات پر مضامین اور کالمز باقاعدگی سے شائع ہو تے رہتے ہیں۔ ادب،سماج، معاشرت،سیاست و حالاتِ پر ببانگِ دُہل اپنی رائے کا اظہارکرتے ہیں۔