شب برات کی روشنیاں، رونقیں اور ہنگامے ہم لوگوں کےبچپن کی حسیں یادیں ہیں۔
چڑ چڑ بہت بڑی سائنس تھی۔ ایک کاغذ پر چپکی ننھی ننھی بارودی ٹکیاں خشک رکھی جاتی تھیں۔ سیلن زدہ چڑچڑ نہیں چل پاتی تھی۔ کنکریٹ کی کھردی دیوار یا اکھڑے فرش پر رگڑنے سے یہ trigger ہوتیں تو chain reaction عمل انگیزی کرتا اور دیر تک جلتا کاغذ چڑچڑاتا رہتا۔ چڑچڑ کے ساتھ ساتھ ہوائیاں، مہتابیاں، پھلجھڑیاں تو قریب قریب ہر گھر کی ضروریات میں شمار ہوتی تھیں۔ گھر کی چھتیں شام ڈھلتے ہی بارونق ہو جاتی تھی۔ اڑتی مہتابیاں باقی گھروں کی آتشی پروازیں مہمیز کرتی تھیں۔ پھلجھڑیاں دہکا کر خوبصورت چہروں کے گرد گھما کر ان کی آرتی اتاری جاتی تھی۔ جلتی بجھتی روشنیاں خوبصورت چہروں کو سحر انگیز حد تک دلکش کر دیتی تھیں۔
کچھ منچلے رنگین پٹاخے اپنی مٹھی میں رکھ کر گرم پھونک کی
پھر شرپسندوں کے گروہ، چھید کئے ٹین کے ڈبے میں گندھک کی ڈلیاں بھر کر زور زور سے ہلاتے۔ گندھک کو افزودہ کرنے کے لئے وہ ڈبے میں ڈلیوں کے اوپر بار بار تھوکتے اور ٹکٹکاتے ڈبے کو پوری قوت سے ہلاتے۔ پھر اس کا چھید جلتی آگ پر دھرتے تو ڈبہ ایک دھماکے سے اوپر اڑ جاتا۔ ڈبے کو ڈھونڈ کر پھر سے دھماکہ کیا جاتا۔
کچھ دہشت گرد بھی پائے جاتے تھے۔ وہ موٹی ڈوری میں لپٹا بم (سیبے والا بمب) بڑی رعونت سے اس کے چار پایوں پر جما کر فرش پر رکھتے تو تمام بچے خوف سے کان بند کر لیتے۔
کئی متمول گھروں کی چھتوں سے بھرپور آتش بازی کا مظاہرہ ہوتا۔ بارود تمام شوخ رنگ اوڑھے آسمان پر رونمائی کرتا۔ رنگ ہی رنگ بکھر جاتے جو کئی میل تک دکھائی دیتے۔ نیچے رسوئی میں انواع و اقسام کے کھانوں کی خوشبو اٹھتی، گندھک اور پوٹاش کی بو میں جذب ہو جاتی۔ چھتوں کی منڈیروں پر شمعیں قطار اندر قطار جلتیں۔ گھر گھر چراغاں ہوتا۔ بارش اور آندھی سے بچاؤ کی پرخلوص دعائیں مانگی جاتیں۔ کیا روشن روشن رات ہوتی۔ جگمگ جگمگ۔ ہر طرف میٹھی میٹھی باتیں، ہر جانب پیار بھری بولی۔ گھر گھر میں چراغاں، چھت چھت پہ ہولی۔
وہ بہت ہی معصوم اور پیار بھرے دن تھے۔ ہم لوگ بہت بےضرر دہشت گرد، بڑے پیارے شرپسند اور بہت دلکش بمبار تھے۔
کچھ کھیل بچوں کے لئے ہوتے ہیں۔ بہتر ہے کہ بچوں ہی کو ان سے کھیلنے دیا جائے۔ مگر نہیں۔ بچوں کے کھلونے چھین کر بڑے ان سے کھیلنے لگ گئے۔ اب یہ کھیل بہت بڑے پیمانے پر کھیلا جاتا ہے۔ اسی لئے دنیا آتش فشاں کے دہانے پر بیٹھی ہوئی ہے۔ مکافات عمل ہے۔
وحید احمد
25 جون 2025