ساحل ملا تو موج بلا ڈھونڈتے رہے

منزہ انور گوئندی کی ایک اردو غزل

ساحل ملا تو موج بلا ڈھونڈتے رہے
ہم عرصہ ء حیات میں کیا ڈھونڈتے رہے

گزری بہار چاک گریباں کیے ہوئے
ہم اپنے ضبط غم کا صلہ ڈھونڈتے رہے

آنکھوں میں اپنی خون تمنا لیے ہوئے
ہر نقش پا میں رنگ حنا ڈھونڈتے رہے

وارفتگی تھی خاک بسر کوئے غیر میں
اے دوست آج تیری وفا ڈھونڈتے رہے

شاید تیری نگاہ کرم ہی میں تھا نہاں
وہ قہر جس کو اہل جفا ڈھونڈتے رہے

اک جست میں جنوں کی میان حریم ناز
باب اثر کو دست دعا ڈھونڈتے رہے

منزہ انور گوئیندی

منزہ انور گوئیندی

تعارف منزہ انور گوئیندی کا تعلق ادبی گھرانے سے ہے ان کے والد انور گوئیندی کا شمار مشاہیر ادب میں ھوتا ھے اور وہ اردو ادب کے بانیوں میں سے ھیں ۔ سرگودھا میں کامران مشاعرے اور کامران رسالے کے ذریعے انہوں نے ادب کی آبیاری کی ان کی وفات کے بعد یہ مسند ان کی اکلوتی بیٹی منزہ انور گوئیُندی نے سنبھالی جو ایک نامور افسانہ نگار ، کالم نگار اور شاعرہ ھونے کے ساتھ ساتھ کامران ادبی رسالہ کی مدیرہ بھی ہیں ۔ منزہ انور گوئیندی عالمی شہرت یافتہ قلمکار اور صدا کار ہیں ۔ گزشتہ بیس سال سے ریڈیو پاکستان سے منسلک ھیں اور علمی و ادبی پروگرام پیش کر رہی ھیں ۔ منزہ انور گوئیُندی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کئی ایوارڈز اور اعزازات اور میڈلز دیے جا چکے گئے ھیں ۔ حال ھی میں دورہ برطانیہ کے دوران انہیں سفیر ادب کا خطاب بھی عطا کیا گیا ۔ اور ان کے اعزاز میں سکاٹ لینڈ بین الاقوامی مشاعرے کا انعقاد بھی کیا گیا منزہ گوئیندی کے خاندان کا شمار کارکنان تحریک پاکستان میں ھوتا ھے اور اس ضمن میں انہیں سابق صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے گولڈ میڈل بھی دیا گیا