صرف مغربی تہذیب کی ظاہری نقل نہیں بلکہ جدید انسان کے داخلی بحران، وجودی بے چینی، انفرادی آزادی، نفسیاتی کشمکش، عدالتی شعور، ذات کی تلاش اور خدا سے مقابل کھڑی خودی کے احساس کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ یہی وہ فکری زاویے ہیں جو جدید مغربی فلسفے، خاص طور پر وجودیت، نفسیاتی تنقید، فردیت، مادیت کے ردِعمل اور سماجی تنہائی کے تصورات سے منسلک دکھائی دیتے ہیں۔ محسن خالد محسن کی نظموں میں یہ تاثر براہِ راست موجود ہے اور علامتی سطح پر بھی۔
ان کی شاعری میں سب سے پہلے انسان اپنی ذات کے ساتھ ایک سوال بن کر سامنے آتا ہے۔ وہ روایت کے اجتماعی حصار سے نکل کر خود اپنی شناخت تلاش کرتا ہے۔ نظم ”قامت کا گمان” اسی داخلی سفر کی ایک نمایاں مثال ہے۔ شاعر کہتا ہے:
"خواب دکھانے والوں پر
بھروسا کرنے والے
ہمیشہ بے وقوف نہیں ہوتے”
یہاں شاعر انسانی نفسیات کو سادہ اخلاقی فیصلے کی بجائے گہرے نفسیاتی تناظر میں دیکھتا ہے۔ مغربی نفسیاتی فکر، خاص طور پر فرائیڈ اور ژونگ کے نظریات میں انسان کی خواہشات اور احساسِ کمتری کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ شاعر کہتا ہے:
"وہ اپنے اندر
ذات کی چھوٹائی کا ایک خاموش خوف لیے پھرتے ہیں”
یہ صرف ایک جذباتی کیفیت نہیں بلکہ جدید انسان کی شناختی شکست ہے۔ مغربی فکر میں انسان خدا، مذہب اور روایت کے بعد اپنی ذات کے سامنے تنہا کھڑا ہے۔ اسی لیے وہ کسی ایسے سہارے کا منتظر رہتا ہے جو اسے بڑا محسوس کرا سکے۔اصل میں جب وہ بڑا ہو جاتا ہے تب مسئلہ پیدا ہوتا ہے:
"یہیں سے
انسان کے اندر
ایک خطرناک سفر شروع ہوتا ہے
خدا ہونے کا سفر”
یہ مصرعہ نطشے کے تصورِ فوق الانسان کی یاد دلاتا ہے
ان کی نظم ”بے بسی” میں تقدیر، اختیار اور خواہش کا مسئلہ مغربی وجودی فلسفے کے قریب محسوس ہوتا ہے۔ محسن لکھتا ہے:
"اپَنا لینا
اور چھوڑ دینا
شاید اختیار میں ہو
مگر چاہت
اختیار سے باہر رہتی ہے”
یہاں انسان کی آزادی محدود ہو جاتی ہے۔ سارتر اور کامو جیسے فلسفی بھی یہی سوال اُٹھاتے ہیں کہ انسان آزاد تو ہے لیکن پورا اختیار نہیں رکھتا۔ زندگی میں کچھ فیصلے ہمارے ہاتھ میں ہوتے ہیں لیکن جذبات، محبت اور داخلی کشش ہمارے قابو سے باہر رہتے ہیں۔ شاعر کا یہ کہنا:
"جو نہیں مانگا
وہ
کبھی کبھی
بے وقت
بے نام
جھولی میں آ گرتا ہے”
یہ بیانیہ زندگی کے غیر متوقع اور absurd پہلو کو نمایاں کرتا ہے۔ یہ مصرعے مغربی وجودیت کی بنیادی شناخت ہے۔
محسن خالد محسن کی نظم ”چائے اور عدالت” میں جدید شہری زندگی، انصاف کا بحران اور اداروں کی بے رحمی ایک خاص مغربی جدیدیت کے ساتھ سامنے آتی ہے۔ چائے جیسی روزمرہ شے کو عدالت جیسے سنگین ماحول میں رکھ کر شاعر نے ایک نئی علامت پیدا کی ہے:
"عدالت کی چائے
درحقیقت انصاف کی نہیں
انتظار کی چائے ہے”
یہاں عدالت انصاف کا ادارہ نہیں بلکہ اِلتوا، خوف اور ذہنی اذیت کی علامت بن گیا ہے۔ جدید مغربی شاعری میں روزمرہ اشیا کو گہری علامتی سطح پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹی۔ ایس۔ ایلیٹ اور کافکا کی فضا اسی قسم کی بے یقینی اور جبری گھٹن سے بھری ہوئی ہے۔ شاعر نے عدالتی تجربے کو محض قانونی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی نفسیات کے زخم کے طور پر پیش کیا ہے۔
اسی طرح ان کی نظم ”روشنی رقص کرتی ہے” میں داخلی خودمختاری اور انفرادی وجود کی روشنی نمایاں ہے۔ محسن کہتا ہے:
"میں اپنے آپ سے خوش ہوں
مجھے کسی کی ضرورت نہیں ہے
میرے اندر کی روشنی
پورے کمرے میں جلتی ہے”
یہاں فرد اپنی ذات میں مکمل ہونے کی کوشش کرتا دکھائی دیتا ہے۔ مغربی فکر میں selfhood یا خودی کا یہی تصور مدتوں زیر بحث رہا ہے۔ انسان بیرونی سہاروں کی بجائے اپنے اندر کی داخلی روشنی سے زندہ رہنا چاہتا ہے۔ اہم بات یہ کہ شاعر اس خودی کے جذبے کو غرور نہیں بننے دیتا بلکہ اسے زخم، اذیت اور تنہائی کے پس منظر میں دکھاتا ہے۔
محسن خالد محسن کی نظموں کی کرافٹ بھی جدید مغربی نظم سے مماثلت رکھتی ہے۔ وہ پابند ہیئت کی بجائے آزاد نظم میں اظہار کرتے ہیں۔ مصرعے مختصر ہیں، سانس کے ساتھ چلتے ہیں اور خیال کو بتدریج کھولتے ہیں۔ مثال کے طور پر:
"سورج
میری پیشانی کو بوسہ دے کر
رات کی گود میں چُھپ جاتا ہے”
یہ تصویری اظہار ہے، بیانیہ نہیں۔ مغربی نظم خصوصاً imagism میں یہی طریقہ اختیار کیا جاتا ہے کہ خیال کو تصویر کے ذریعے محسوس کرایا جائے۔
نظم ”میں لکھ سکتا ہوں” میں شاعر کا تخلیقی شعور سامنے آتا ہے۔ یہاں شاعر خود کو محض لکھنے والا نہیں بلکہ ایک داخلی دریافت کرنے والا انسان سمجھتا ہے:
"میں تمہاری آنکھوں کے نقشے پڑھ سکتا ہوں
تمہارے دل کی گلیوں میں چمکتے چراغ دیکھ سکتا ہوں”
یہاں تخلیق ایک نفسیاتی excavation بن جاتی ہے۔ مغربی ادبی فکر میں writer as explorer کا یہی تصور ملتا ہے۔ شاعر صرف منظر بیان نہیں کرتا بلکہ شخصیت کے اندر چھپے موسموں کو دریافت کرتا ہے۔
شاعر جب کہتا ہے:
"تمہیں اپنے آئینے کے سامنے لے آنے کے لیے
تمہیں تمہارے اندر کے شہر سے روشناس کرانے کے لیے”
یہاں ادب اصلاح نہیں بلکہ self-recognition کا ذریعہ بن جاتا ہے۔ یہ خالص جدید مغربی تنقیدی شعور ہے۔
نظم ”دروازے کیوں بند کریں؟” میں تعلقات کی پیچیدگی اور انسانی نفسیات کی تہہ داری سامنے آتی ہے۔ شاعر محبت کو رومانوی معصومیت کی بجائے ایک عملی، نفسیاتی اور وجودی مسئلہ بناتا ہے:
"محبت
اگر بِساط سے زیادہ نِگل لی جائے
تو خیالات نہیں بگڑتے
روح کا نظامِ انہضام خراب ہو جاتا ہے”
یہ ایک نہایت منفرد استعارہ ہے۔ یہاں عشق کلاسیکی جذبہ نہیں بلکہ ذہنی بوجھ بن جاتا ہے۔ جدید مغربی شاعری میں محبت اکثر اسی طرح اضطراب اور عدمِ توازن کی صورت میں پیش ہوتی ہے۔
نظم ”ادھورا توازن” میں انسان کی فطرت پر جو گفتگو ہے وہ خاص طور پر مغربی فلسفیانہ فکر سے قریب ہے۔ شاعر انسان کو مکمل نہیں مانتا بلکہ تضاد کا مجموعہ سمجھتا ہے:
"انسان
ایک وجود نہیں
ایک مسلسل کشمکش ہے”
یہی وجودی فلسفہ ہے۔ انسان نہ مکمل نیکی ہے نہ مکمل برائی بلکہ ایک مسلسل جنگ ہے۔ شاعر کہتا ہے:
"وہ سوال بھی خود ہے
جواب بھی خود
مگر اعتراف سے گریزاں”
یہاں انسان اپنی ذمہ داری سے بھاگتا ہوا وجود ہے۔ یہ جدید مغربی انسان کا المیہ ہے۔
نظم ”آپ بول سکتے ہیں” میں خاموشی، اعتماد کی شکست اور سماجی نفسیات کا مسئلہ سامنے آتا ہے۔ شاعر کہتا ہے:
"یہ محض بے بسی نہیں
یہ اعتماد کی وہ دراڑ ہے
جو آئینے کو نہیں
چہرے کو توڑتی ہے”
یہاں خاموشی سیاسی بھی ہے، نفسیاتی اور وجودی بھی۔ مغربی ادب خصوصاً post-war literature میں انسان کی ٹوٹی ہوئی یہ داخلی ساخت بار بار سامنے آتی ہے۔
محسن خالد محسن کی زبان سادہ مگر تہہ دار ہے۔ وہ مشکل الفاظ یا مصنوعی فلسفیانہ اصطلاحات کے بغیر گہری بات کہہ دیتے ہیں۔ ان کی نظموں میں مکالمہ بھی ہے، داخلی خود کلامی کے ساتھ علامتی اظہار بھی۔ جدید شاعری کی یہ خوبی ہے کہ قاری کو محسوس ہوتا ہے کہ شاعر اسی کے اندر بول رہا ہے۔
ان کے ہاں استعارہ روزمرہ زندگی سے پیدا ہوتا ہے۔ "چائے، عدالت، دروازہ، خاموشی، روشنی، سایہ، قامت، آئینہ”یہ سب عام الفاظ ہیں مگر شاعر انہیں فلسفیانہ سطح دیتا ہے۔ یہی کرافٹ محسن خالد محسن کی نظموں کو مضبوط بناتا ہے۔
ساخت کے اعتبار سے ان کی نظمیں تدریجی انکشاف پر استوار ہیں۔ محسن کا کمال یہ ہے کہ آغاز میں ایک سادہ جملہ لکھتے ہیں پھر آہستہ آہستہ اسے فکری گہرائی میں بدل دیتے ہیں۔ جیسے ”عدالت کی چائے” ایک عام جملے سے شروع ہوتی ہے اور آخر میں پورا عدالتی نظام ایک تلخ استعارہ بن جاتا ہے۔
محسن خالد محسن کی نظموں میں مغربیت دراصل انسان کی داخلی آزادی، خود احتسابی، نفسیاتی پیچیدگی، وجودی سوالات اور روایت سے ہٹ کر سوچنے کی جرات کا نام ہے۔ وہ مغرب کو لباس، انداز یا تہذیبی نمائش میں نہیں بلکہ فکر، سوال اور تنہائی میں تلاش کرتے ہیں۔
اسی لیے ان کی شاعری محض جدید نہیں بلکہ فکری طور پر زندہ شاعری ہے۔ وہ انسان کو آسان جواب نہیں دیتے بلکہ سوال کے ساتھ چھوڑ دیتے ہیں۔ یہی جدید مغربی ادب کی سب سے بڑی روایت ہے جو محسن کی نظموں کا اصل موضوع ہے۔ ان کی شاعری ہمیں بتاتی ہے کہ انسان باہر سے نہیں، اندر سے مغربی ہوتا ہے۔جب وہ سوال کرنا شروع کرتا ہے، جب وہ خود کو آئینے میں دیکھنے لگتا ہے اور جب وہ اپنی خاموشی کا فیصلہ خود سناتا ہے۔
شہزاد مسیح