رنگ خاکے میں جو بھرا میں نے

عدنان سرمد کی ایک اردو غزل

رنگ خاکے میں جو بھرا میں نے
نام اس کو دیا خدا میں نے

یہ جو پیکر  ترا چنا میں نے
پہلے کرتا نیا سیا میں نے

شش جہت میں جو ہے جھلک میری
توڑ ڈالا تھا آیئنہ میں نے

تیرا ہم نام مر گیا اک شخص
آج تجھ کو بھی رو لیا میں نے

جو کسی سے نہ کہہ سکا میں کبھی
ان درختوں سے کہہ دیا میں نے

نام اس نے مرا لیا تھا ابھی
اس سے بہتر نہیں سنا میں نے

اب ہے روشن چراغ میں سرمد
وہ جو سیکھی تھی اک دعا میں نے

عدنان سرمد

عدنان سرمد

عدنان سرمد ایک اردو شاعر ہیں، وہ گوجرانوالہ میں رہتے ہیں اور مختلف اردو مشاعروں میں شرکت کرتے ہیں۔