میں نے کہا اُس نے کہا

دلاور فگار کی مزاحیہ شاعری

میں نے کہا کہ شہر کے حق میں دعا کرو
اُس نے کہا کہ بات غلط مت کہا کرو

میں نے کہا کہ رات سے بجلی بھی بند ہے
اُس نے کہا کہ ہاتھ سے پنکھا جھلا کرو

میں نے کہا کہ شہر میں پانی کا قحط ہے
اُس نے کہا کہ پیپسی کولا پیا کرو

میں نے کہا کہ کار ڈکیتوں نے چھین لی
اُس نے کہا کہ اچھا ہے پیدل چلا کرو

میں نے کہا کہ کام ہے نہ کوئی کاروبار
اُس نے کہا کہ شاعری پر اکتفا کرو

میں نے کہا کہ سو کی بھی گنتی نہیں ہے یاد
اُس نے کہا کہ رات کو تارے گنا کرو

میں نے کہا کہ ہے مجھے کرسی کی آرزو
اُس نے کہا کہ آیت کرسی پڑھا کرو

میں نے کہا کہ غزل پڑھی جاتی نہیں صحیح
اُس نے کہا کہ پہلے ریہرسل کیا کرو

میں نے کہا کہ کیسے کہی جاتی ہے غزل
اُس نے کہا کہ میری غزل گا دیا کرو

ہر بات پر جو کہتا رہا میں ’’ بجا! بجا! ‘‘
اُس نے کہا کہ یوں ہی مسلسل بجا کرو

دلاور فگار

سائٹ منتظم

’’سلام اردو ‘‘،ادب ،معاشرت اور مذہب کے حوالے سے ایک بہترین ویب پیج ہے ،جہاں آپ کو کلاسک سے لے جدیدادب کا اعلیٰ ترین انتخاب پڑھنے کو ملے گا ،ساتھ ہی خصوصی گوشے اور ادبی تقریبات سے لے کر تحقیق وتنقید،تبصرے اور تجزیے کا عمیق مطالعہ ملے گا ۔ جہاں معاشرتی مسائل کو لے کر سنجیدہ گفتگو ملے گی ۔ جہاں بِنا کسی مسلکی تعصب اور فرقہ وارنہ کج بحثی کے بجائے علمی سطح پر مذہبی تجزیوں سے بہترین رہنمائی حاصل ہوگی ۔ تو آئیے اپنی تخلیقات سے سلام اردوکے ویب پیج کوسجائیے اور معاشرے میں پھیلی بے چینی اور انتشار کو دورکیجیے کہ معاشرے کو جہالت کی تاریکی سے نکالنا ہی سب سے افضل ترین جہاد ہے ۔