دین و شریعت کی حقیقی روح اور معنویت اسی وقت آشکار ہوتی ہے جب ان کے ساتھ معرفت اور اطاعت بھی موجود ہوں۔ اسی طرح دین و شریعت سے محبت کا دعویٰ بھی اسی وقت بامعنی اور قابلِ قدر ہے جب اس محبت کی بنیاد معرفت پر ہو اور اس کا عملی اظہار اطاعت و پیروی کی صورت میں سامنے آئے۔
محبت کی بنیادی طور پر دو اقسام ہیں:
اول: فطری و غریزی محبت
یہ وہ محبت ہے جو اللہ تعالیٰ نے اپنی مخلوقات کی فطرت میں ودیعت کر رکھی ہے۔ مثلاً والدین کی اپنی اولاد سے محبت، جو نہ صرف انسانوں بلکہ حیوانات میں بھی بدرجۂ اتم پائی جاتی ہے۔ اس کی ایک واضح مثال بلی ہے۔ بلی عموماً کسی اجنبی انسان کو دیکھ کر بھاگ جاتی ہے، لیکن جب وہ اپنے بچوں کے قریب ہو تو نہ صرف ان کی حفاظت کے لیے ڈٹ جاتی ہے بلکہ خطرہ محسوس ہونے پر حملہ آور بھی ہو سکتی ہے۔
یہ محبت فطرت کا ایک لازمی تقاضا ہے، تاہم محض اس کی موجودگی کسی خاص فضیلت، معرفت یا اخلاقی کمال کی دلیل نہیں بن سکتی۔
دوم: اکتسابی و شعوری محبت
یہ وہ محبت ہے جو معرفت، شعور اور فہم و ادراک کی بنیاد پر پروان چڑھتی ہے۔ یہی محبت فضیلت، قدر و منزلت اور حقیقی معنویت کی حامل ہوتی ہے۔ اس محبت میں محض جذباتی وابستگی کافی نہیں ہوتی بلکہ معرفت، اخلاص، اطاعت اور عملی پیروی بھی لازم ہوتی ہے۔
درحقیقت یہی وہ محبت ہے جو انسان کو دین و شریعت کی حقیقی روح سے آشنا کرتی اور اس کے تقاضوں پر عمل پیرا ہونے کا شعور عطا کرتی ہے۔ یہی اصل دینی وابستگی اور مذہبی شعور ہے۔
اس کے برعکس جو لوگ دین، شریعت اور مذہب سے محبت اور وابستگی کے دعوے تو کرتے ہیں، لیکن ان کے کردار اور عمل میں اس محبت کے آثار دکھائی نہیں دیتے، وہ درحقیقت اپنے دعوے کی معنویت سے ناواقف ہیں۔ کیونکہ عمل سے عاری محبت اور اطاعت سے خالی وابستگی محض ایک کھوکھلا دعویٰ ہے۔
اسی تناظر میں وہ افراد بھی قابلِ گرفت ہیں جو سید و غیر سید کی تفریق کو بنیاد بنا کر ناجائز رویوں، غلط کاریوں اور من مانیوں کا جواز تلاش کرتے ہیں۔ حالانکہ دین و مذہب کا تقاضا یہ ہے کہ انسان کی قدر و منزلت کا تعین اس کے کردار، عمل، تقویٰ اور اخلاق کی بنیاد پر ہو، نہ کہ محض نسبی شناخت یا خاندانی نسبت کی بنیاد پر۔
جو لوگ مذہب اور شریعت کے نام پر اپنی خواہشات کو مقدم رکھتے، اصولوں کو پامال کرتے اور حق و انصاف سے انحراف کرتے ہیں، وہ درحقیقت دین کی خدمت نہیں بلکہ اس کی روح کو مجروح کر رہے ہوتے ہیں۔ ایسے کردار ہر دور، ہر مذہب، ہر قوم اور ہر ملت میں پائے جاتے ہیں۔ تاریخ میں حرملہ، شمر اور عمر سعد جیسے کردار اسی ذہنیت کی نمایاں مثالیں ہیں۔
لہٰذا کسی شخص کی دینی و مذہبی حیثیت کا فیصلہ اس کے نسب، ظاہری شناخت یا دعوائے محبت سے نہیں، بلکہ اس کے علم، معرفت، کردار، عمل اور اطاعت سے ہونا چاہیے۔
سکردو کا حالیہ واقعہ بھی اسی حوالے سے غور و فکر کا متقاضی ہے کہ ہم مذہب کے نام پر کس طرزِ فکر اور کس طرزِ عمل کو فروغ دے رہے ہیں۔
محمد حسین بہشتی