اگرچہ درد کے دل میں

شاز ملک کی ایک اردو غزل

اگرچہ درد کے دل میں مرے ہالے نہیں ہیں
کہا کس نے کہ پاؤں میں مرے چھالے نہیں ہیں

ہمارے حق میں گر وہ بولتا تو مان لیتے
زباں پر اس کی ہاں تالے نہیں تالے نہیں ہیں

منافق دوستوں کا ساتھ تھا اور یہ گماں تھا
کہ ہم نے آستیں میں سانپ یہ پالے نہیں ہیں

ہماری سب دعائیں رنگ لائیں گی یقیں ہے
ہمارے دل میں کیونکہ شر کے وہ جالے نہیں ہیں

محبت لکھ رہے ہیں بانٹ کر سچی محبت
ہمارے لفظ کیونکہ تیر اور بھالے نہیں ہیں

ہمی ہیں شاز وہ اہلِ سخن اہلِ محبت
جو اہلِ ظرف ہیں اور جن کے دل کالے نہیں ہیں

شاز ملک

شاز ملک

شاعرہ ، ناول نویس ،افسانہ نگار ، کالم نویس گیت کار ، ڈرامہ اسکرپٹ رائیٹر شاز ملک پاکستان کے شہر سیالکوٹ سے تعلق رکھتی ہیں گزشتہ ستائیس سالوں سے فرانس میں مقیم ہیں