ٹُوٹنے پر کوئی آئے تو پھر ایسا ٹُوٹے
جواد شیخ کی ایک اردو غزل
ٹُوٹنے پر کوئی آئے تو پھر ایسا ٹُوٹے
کہ جِسے دیکھ کے ہر دیکھنے والا ٹُوٹے
۔
تُو اِسے کس کے بھروسے پہ نہیں کات رہی ؟؟
چرخ کو دیکھنے والی !! ترا چرخہ ٹُوٹے !!
۔
اپنے بکھرے ہوئے ٹکڑوں کو سمیٹے کب تک ؟؟
ایک انسان کی خاطر کوئی کِتنا ٹُوٹے ؟؟
۔
کوئی ٹکڑا تری آنکھوں میں نہ چُبھ جائے کہیں
دُور ہو جا کہ مرے خواب کا شیشہ ٹُوٹے
۔
میں کسی اور کو سوچوں تو مجھے ہوش آئے
میں کسی اور کو دیکھوں تو یہ نشّہ ٹُوٹے
۔
رنج ہوتا ہے تو ایسا کہ بتائے نہ بنے
جب کسی اپنے کے باعث کوئی اپنا ٹُوٹے
۔
پاس بیٹھے ہوئے یاروں کو خبر تک نہ ہوئی
ہم کسی بات پہ اِس درجہ انوکھا ٹُوٹے
۔
اِتنی جلدی تو سنبھلنے کی توقّع نہ کرو !!
وقت ہی کِتنا ہوا ہے مرا سپنا ٹُوٹے
۔
داد کی بھِیک نہ مانگ !! اے مرے اچھے شاعر !!
جا تُجھے میری دُعا ہے ترا کاسہ ٹُوٹے
۔
ورنہ کب تک لیے پھِرتا رہوں اِس کو جوّاد
کوئی صورت ہو کہ اُمّید سے رِشتہ ٹُوٹے
جواد شیخ
بہت شاندار کلام