وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کہتے ہیں میں نے دم کیاتوشہبازشریف (نیب) کی گرفتاری سے بچ گئے۔موبائل فون عام ہونے سے پہلے دم سامنے بٹھا کر کیے جاتے تھے۔ آج کے دورمیں اس طریقہ کے ساتھ ساتھ موبائل فون کے ذریعے بھی دم کیے جارہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ شیخ رشیدنے یہ دم کرنے کے لیے یہ دونوں طریقے استعمال نہیں کیے ہوں گے۔ سوچنے کی بات یہ ہے کہ شیخ رشیدنے دم کرنے کے لیے کون ساطریقہ استعمال کیاہوگا۔ دم کی وجہ سے جس کاکام ہو جاتاہے، جس کوشفاء مل جاتی ہے وہی بتاتاہے کہ اس کایہ کام کس کے دم کرنے کی وجہ سے ہواہے۔دم کرنے والاخودنہیں بتاتاکہ اس کے دم کرنے کی وجہ سے کس کس کاکیاکام ہواہے۔ شیخ رشیدکے جس دم کی وجہ سے شہبازشریف نیب کی گرفتاری سے بچ گئے۔یہ سوچنے میں ہم اپنااورقارئین کاوقت ضائع نہیں کرناچاہتے کہ وفاقی وزیرریلوے نے دم کرنے کاکون ساطریقہ استعمال کیا۔ قابل غوربات یہ ہے کہ شیخ رشیدکے دم میں اتنااثرہے جس سے شہبازشریف گرفتاری سے بچ گئے۔ جس کے دم میں اثرہوزیادہ ترلوگ اسی کے پاس ہی دم کرانے جاتے ہیں۔ یہ سوال بھی اپنی جگہ موجودہے کہ شیخ رشیدنے یہ دم کسی کے کہنے پر کیا یا از خود کر دیا۔اس فضول بخث میں بھی ہم اپنااورقارئین کاوقت ضائع نہیں کرناچاہتے کہ انہوں نے یہ دم ازخود کیایاکسی کے کہنے پرکیا۔قابل غوربات یہ ہے کہ شیخ رشیدکے دم میں اثرہے۔ جس طرح شیخ رشیدکے دم کی وجہ سے شہبازشریف گرفتاری سے بچ گئے، اسی طرح بہت سے ایسے کام ہیں جوسال ہا سال سے نہیں ہوپارہے ہم شیخ رشیدصاحب سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ دم کریں اورسال ہاسال سے نہ ہوپاجانے والے کام ہوجائیں۔
ہمارے کشمیری بھائی سال ہاسال سے ہندوستان کے ظلم وستم کاشکارہیں۔ اب آٹھ ماہ سے لاک ڈاؤن کی زدمیں ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پربھی عمل نہیں ہورہا۔ ہم شیخ رشیدسے گزارش کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے لیے بھی دم کردیں تاکہ ان کی مشکلات کاخاتمہ ہو، لاک ڈاؤن ختم ہوجائے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعمل اورکشمیریوں کوحق خودارادیت بھی مل جائے۔ ایران پرامریکی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان ایران گیس پائپ لائن پرکام رکاہواہے، سابقہ دور حکومت میں اس پرکام نہیں ہوسکا، موجودہ دورحکومت میں بھی اس حوالے سے خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ شیخ رشیددم کردیں تاکہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر کام شروع ہوجائے۔ وطن عزیزپاکستان پرعالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں کابہت بڑابوجھ ہے۔ جوکم ہونے کے بجائے بڑھتاہی جارہاہے۔ شیخ رشید دم کردیں تاکہ ملک سے قرضوں کابوجھ کم سے کم ہوجائے بلکہ ختم ہوجائے۔ ایک طرف فصلوں کے لیے ضرورت کے مطابق پانی دستیاب نہیں دوسری طرف دریاؤں کا لاکھوں کیوسک پانی سمندرمیں جارہاہے۔ ایک طرف پانی کی کمی کاسامناہے تودوسری طرف سیلاب بھی تباہی مچادیتے ہیں۔ پانی کی کمی کودورکرنے، اسے سمندر میں جانے سے بچانے، فصلوں میں ضرورت کے مطابق آب پاشی کرنے،بارشوں کے پانی کومحفوظ کرنے کابہترین حل اورسستی بجلی کی پیداواربڑھانے کابہترین ذریعہ نئے ڈیموں کی تعمیرہے۔ ملک کی مالی حالت اس پوزیشن میں نہیں کہ نئے ڈیمزبنائے جاسکیں۔ کالاباغ ڈیم جوکم وقت اورکم سرمائے سے بنایاجاسکتاہے۔ یہ ڈیم صوبوں میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے اب تک نہیں بنایاجاسکا۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشیدسے گزارش ہے کہ وہ دم کریں پاکستان کے پاس اتنے وسائل آجائیں کہ ہم ضرورت سے زیادہ ڈیم بناسکیں اورشیخ رشیدسے گزارش ہے کہ وہ یہ دم بھی کردیں کہ کالاباغ ڈیم کی تعمیرپرپاکستان کے تمام صوبوں میں اتفاق رائے ہوجائے، سب کے خدشات دورہوجائیں اوراسی دورحکومت میں اس ڈیم کی تعمیرشروع ہوجائے۔ملک میں کرپشن کاوائرس کئی دہائیوں سے پھیلا ہوا ہے۔ اس وائرس کے خاتمے کے لیے ادارے بھی کام کررہے ہیں۔ ہرحکومت کرپشن کے وائرس کوختم کرنے کی کوشش بھی کرتی ہے۔ اس کے باجودبھی یہ وائرس بڑھتاہی جارہاہے۔ شیخ رشیدسے گزارش کرتے ہیں کہ وہ دم کردیں تاکہ کرپشن کاوائرس پاکستان سے ختم ہوجائے۔ اس کے علاوہ کرپشن کے کسی بھی کیس کوثابت کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کوبہت محنت کرناپڑتی ہے، اس میں قیمتی وقت بھی ضائع ہوتاہے۔ جب بھی کرپشن کاکیس آئے اسی وقت شیخ رشیدسے دم کرالیاجائے۔ جس پرکرپشن کاالزام ہواس پرالزام سچاہوتووہ ازخودتسلیم کرلے کہ اس نے کب،کہاں اورکتنی کرپشن کی ہے۔
کرپشن کے ملزم پرالزام سچانہ ہوتواس پردعویٰ کرنے والااداروں کا، ملزم کااوراپناوقت بچاتے ہوئے خودہی کہہ دے کہ اس نے اس پرجھوٹاالزام لگایا ہے۔ اس نے کوئی کرپشن نہیں کی۔ شیخ رشید ریلوے کے وزیرہیں۔ ریلوے کے بڑے بڑے حادثات میں قیمتی جانی ومالی نقصان ہوچکاہے۔ گزشتہ کئی سالوں سے محکمہ خسارے میں جارہاہے۔شیخ رشید کو چاہیے کہ وہ سب سے پہلے ریلوے پردم کریں تاکہ ہرقسمی حادثات سے ریلوے محفوظ ہوجائے اوراس کاخسارہ نفع میں بدل جائے۔پاکستان سٹیل ملزبھی مسلسل خسارے میں جارہی ہے۔ باربارکے بیل آؤٹ پیکج بھی اس کوسنبھالانہیں دے سکے۔ سابقہ حکومت نے اس مل کی نجکاری کرنے کی بھی کوشش کی۔ جناب شیخ رشید سے درخواست ہے کہ وہ پاکستان سٹیل ملزپردم کردیں ایسادم کریں جس سے اس سٹیل ملزکاخسارہ نہ صرف ختم ہوجائے بلکہ نفع میں تبدیل ہوجائے۔ پاکستان کی کرنسی کی قیمت تاریخ میں سب سے زیادہ گرچکی ہے۔ ایک سوپانچ روپے کی قیمت والاڈالراب ایک سوساٹھ کے آس پاس ہوچکاہے۔ شیخ رشیداپنے ملک کی کرنسی پرایسادم کردیں کہ ڈالر۰۹ روپے کاہوجائے۔ شیخ رشیدبجلی پربھی دم کردیں۔ اس کی رسدطلب سے بڑھ جائے، لائن لاسز زیروہوجائیں، لوڈشیڈنگ ماضی کاحصہ بن جائے، ٹرپنگ جیسے مسائل سے چھٹکارہ مل جائے۔بجلی کے انفرانسٹرکچر کے مسائل بھی خود بخودحل ہوجائیں۔ شیخ رشیدسے گزارش کرتے ہیں کہ وہ تمام ٹرانسپورٹ، روڈز،سڑکوں اورتمام مسافروں پربھی خصوصی دم کردیں جس سے ٹریفک ہرقسمی حادثات سے محفوظ ہوجائے۔کروناوائرس نے پاکستان سمیت پوری دنیاکواپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔ عوام کواس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے حکومت کولاک ڈاؤن کرناپڑرہاہے۔
جس سے معیشت کی کمزوری، روزگارکی کمی، کاروبارنہ ہونے اوراس طرح کے دیگرمسائل کاسامنابھی ہے۔ شیخ رشیدسے گزارش ہے کہ وہ دم کردیں جس سے کم سے کم پاکستان سے کروناوائرس ختم ہو جائے۔ لاک ڈاؤن کی ضرورت نہ رہے، زندگی کاپہیہ پھرسے رواں ہوجائے۔ گزشتہ کئی سال سے ملک میں پولیوکے خاتمہ کی مہم جاری ہے۔ ابھی تک ہم اس مرض سے نجات حاصل نہیں کرسکے۔ شیخ رشیدسے درخواست ہے کہ وہ دم کردیں تاکہ پاکستان سے پولیوکابھی خاتمہ ہوجائے۔ ہم شیخ رشیدسے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ایسابااثردم کردیں جس سے ملک میں کینسر، ٹی بی، پولیو، کروناوائرس، گردوں سمیت تمام مریض جلدسے جلدصحت یاب ہوجائیں۔
جس طرح شیخ رشیدکے دم کرنے کی وجہ سے شہباز شریف گرفتاری سے بچ گئے اسی طرح وہ دم کریں نوازشریف اورمشرف صحت یاب ہوکرپاکستان واپس آجائیں۔ راقم الحروف یہ تحریریہاں تک لکھ چکاتویہ خبرپڑھی کہ شیخ رشیدنے کہاہے کہ انہوں نے دم والی بات مذاق میں کہی تھی۔ اس وقت شہبازشریف اورشیخ رشیدایک دوسرے کے سیاسی مخالف ہیں۔ مخالفین ایک دوسرے کونیچادکھانے، ناکام کرنے اوررسواکرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مخالفین ایک دوسرے سے مذاق نہیں کرتے۔ مذاق دوستوں اورقریبی دوستوں میں ہوتاہے۔
محمدصدیق پرہار