جب میں ایک پرانے دوست کو ایک کھیل کے لیے ڈھونڈ رہی تھی مجھے ایک اجنبی مل گیا اور بار بار دعوت دی ایک کھیل شروع کرنے کی
اس کی باری پہلے آئی اوراس نے شروع کیا کچھ بے ہنگم انداز میں ایک صرف سہ حرفی لفظ ”MAN” سے
میرے پاس بھی کچھ اچھے حروف نہ آئے اور اس کے لفظ کو بڑھا کر میں نے کر دیا "WOMAN”
اس کی قسمت نے ساتھ دیا "M” کے ساتھ لگا کر اس نے بنا لیا "MARRIAGE” اور اپنے ساتوں حروف استعمال کرنے پر اسے پچاس اضافی نمبر ملے
میرے پاس "S” تھا مگر "MARRIAGE” کو "MARRIAGES” بنانے کی جگہ نہیں تھی اس لیے میں نے "R” کو استعمال کرتے ہوے بنایا "REASON”
اس نے "S” کے ساتھ لکھا "SEX” اور ٹرپل لیٹر پر "X” سے حاصل کر لیےپھر بہت سارے نمبر
میں نے بھی "X” کو استعمال کیا اور لکھا "EXIT”
قسمت سے اسے پھر "S” ملا اور میرے لفظ کے آگے "S” لگا کر اس نے مزید بنایا "SLUT”
مجھے یہ لفظ اچھا نہیں لگا اور میں نے "U” سے بنایا "UNFIT”
اس نے میرے "F” کے چار نمبر زائد حاصل کیے جب اس نے "F” سے بنایا وہ چار حرفی لفظ جو ہم شریفانہ گفتگو میں استعمال نہیں کرتے
میں نے بھی جواباً "C” سے لکھا ایک ایسا ہی لفظ جس میں "N” تھا اور "T”
اس کے پاس آیا پھر بہت کارآمد "S” جس سے اس نے میرے لفظ کی جمع بنا کر اسے مزید بے ہودہ بنا دیا اور مزید لکھ دیا ایک سات حرفی لفظ "LUSTFUL” اور دوسری بار حاصل کرلیے پچاس اضافی نمبر
میں کھیل میں بری طرح ہار رہی تھی سو میں نے فیصلہ کیا اپنے تمام بے کار حروف بدل دینے کا جس کے لیے مجھے اپنی باری چھوڑنا پڑی
اس نے پھر لکھا "LOSER” اور استعمال کر لیا آخری "S”
میں نے بلینک ٹائل کو "S” کے طور پر استعمال کرتے ہوے "LOSER” کو بنایا "LOSERS” اور لکھا "STUPID”
اسے جیسے ہی "D” ملا اس نےلکھ دیا "DIVORCED” اور ایک بار پھر حاصل کرلیے پچاس اضافی نمبر
میرے لیے کھیل میں اب کچھ باقی نہیں بچا تھا پھر بھی ہار مان لینا مجھے اچھا نہیں لگا۔ کھیل ادھورا چھوڑ کر میں نے اسے پیغام لکھ دیا: ’’ہم اب اجنبی نہیں رہے۔ ہم پھر ملیں گے اور کھیل کو یہیں سے شروع کریں گے۔‘‘
تنویر انجم