- Advertisement -

رنگ دل، رنگ نظر یاد آیا

باقی صدیقی کی ایک اردو غزل

رنگ دل، رنگ نظر یاد آیا
تیرے جلوؤں کا اثر یاد آیا

وہ نظر بن گئی پیغام حیات
حلقہ شام و سحر یاد آیا

یہ زمانہ، یہ دل دیوانہ
رشتہ سنگ و گہر یاد آیا

یہ نیا شہر یہ روشن راہیں
اپنا انداز سفر یاد آیا

راہ کا روپ بنی دھوپ اپنی
کوئی سایہ نہ شجر یاد آیا

کب نہ اس شہر میں پتھر برسے
کب نہ اس شہر میں سر یاد آیا

گھر میں تھا دشت نوردی کا خیال
دشت میں آئے تو گھر یاد آیا

گرد اڑتی ہے سر راہ خیال
دل ناداں کا سفر یاد آیا

ایک ہنستی ہوئی بدلی دیکھی
ایک جلتا ہوا گھر یاد آیا

اس طرح شام کے سائے پھیلے
رات کا پچھلا پہر یاد آیا

پھر چلے گھر سے تماشا بن کر
پھر ترا روزن در یاد آیا

باقی صدیقی

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
باقی صدیقی کی ایک اردو غزل