- Advertisement -

پیٹ بھرنے کا بہانہ دیکھتی ہے

ایک اردو غزل از عاطف کمال رانا

پیٹ بھرنے کا بہانہ دیکھتی ہے
شاعری بھی ،،، آب و دانہ دیکھتی ہے

اس کی خواہش ،،، مر کے زندہ ہورہی ہے
چڑیا اٹھ کر آشیانہ دیکھتی ہے

بند آنکھیں کھل رہی ہیں ،،، اور وہ لڑکی
پیر صاحب کا نشانہ دیکھتی ہے

جھومتا ہوں ،،، برگ و بار ۔ آتشیں سے
رت مجھے بھی عاشقانہ دیکھتی ہے

گھر کے دروازے نے ،،، آنکھیں پھوڑ لی ہیں
اور کھڑکی طائرانہ دیکھتی ہے

سانپ سے مطلب نہیں ہوتا ،،، چھڑی کو
ناتواں لاٹھی بھی شانہ دیکھتی ہے

زلزلہ زیر ۔ زمیں ہے اور یہ دنیا
پاوں کے نیچے ،،، خزانہ دیکھتی ہے

عاطف کمال رانا

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
ایک اردو غزل از عاطف کمال رانا