نذیر قیصر
(عہد ساز شاعر)
تمہارے شہر کا موسم بڑا سہانا لگے
میں ایک شام چرا لوں اگر برا نہ لگے
سیر کرتی ہے وہ حویلی میں
چاند بھی کھڑکیاں بدلتا ہے
یہ اور ایسے بے شمار عالی شان اشعار کے خالق جناب نذیر قیصر عہد ساز شاعر ہیں۔ ان کی شاعری گذشتہ چھ دہائیوں سے سوا اردو شعر وادب کو ثروت مند کر رہی ہے۔ ان کے گیت بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔ ساٹھ کی دہائی میں مالا کا گایا ہوا نغمہ "میرے ہمدم میرے ساتھی میں تری دم ساز ہوں” پاکستانی فلم انڈسٹری کے بہترین نغمات میں سے ہے۔
شاندار انسان ہیں، سراپا خلوص و محبت۔ ان سے مل کر انسان سرشار ہو جاتا ہےاور یہ سرشاری مدتوں قائم رہتی ہے۔ مسکراتے ہوئے میٹھی میٹھی باتیں کئے جاتے ہیں۔ باتیں بھی ایسی کہ "وہ کہیں اور سنا کرے کوئی”- میں نے انہیں کبھی کسی کے خلاف بات کرتے نہیں سنا۔ مجسم خیر و خوبی ہیں۔ میری نیازمندی ان سے بہت پرانی ہے۔
لاہور ان کی 77ویں سالگرہ کی خوشی منا رہا ہے۔ ان کی پلاٹینم جوبلی کا انعقاد بہت خوش آئند ہے۔ ان کے اعزاز میں سجی اس محفل میں شرکت میرے لئے کسی اعزاز سے کیا کم ہے
وحید احمد