آپ کا سلاماردو افسانےاردو تحاریرڈاکٹر الیاس عاجز

"انٹرویو”

ایک اردو افسانہ از ڈاکٹر محمد الیاس عاجز

"انٹرویو”

مَیں انٹرویو کے لیےدفتر میں داخل ہوا۔گو یہ میری زندگی کاتیسرا انٹرویو تھا تاہم میں آج بھی یہ بات بخوبی سمجھتا ہوں کہ انٹرویوکا مجھے کچھ خاص تجربہ نہیں ہے۔انٹرویو لینے والے کے مزاج،سوچ اور اپروچ پہ منحصر ہے کہ وہ کس قسم کے سوال داغتا ہے اور آپ کس حد تک اُسے مطمٸن کرپاتے ہیں۔میں کچھ ڈرا ہوا،سہما ہوااور اپنی علمی کم ماٸیگی کاشدت سے احساس لیے ہوٸےجیسے ہی دفتر میں داخل ہوا میرےہاتھ پاٶں پھول گٸے۔گھبرایا ہوا تومیں پہلے ہی تھا مگر جونہی میری نظر افسرمجاز پرپڑی میرے ہوش اُڑ گٸے۔وہ غالبًااپنے ادارے کے چٸیرمین کا عہدہ رکھتے تھے اور تمام قسم کی تعیناتیاں اُنہی کے ہاتھوں انجام پاتی تھیں۔میں اُن کی شخصیت سے متاثّر ہوٸے بغیر نہ رہ سکا۔اُن کا اشارہ پاکرتمام احتیاطوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوۓ میں اُن کے سامنے پڑی ہوٸی کرسی پر بیٹھ گیا۔اُن کی شخصیت کے سِحرمیں جھکڑاہوا میں اپنے آپ کو انٹرویو میں ناکام منہ لٹکاٸے ہوٸے واپس جاتا ہوا متخیل کررہا تھا۔ گورا چٹا رنگ،کلین شیوڈ،سرکےبال کالے سیاہ،بلیک پتلون،انتہاٸی گہرے سرخ رنگ کی قمیض گلے میں گولڈن رنگ کی لاٸنوں والی نکٹاٸی پہنے،بڑی سی میز کے پیچھےگھومنے والی کرسی پربیٹھے ہوٸے،ناک کی نوک پر نظر کا چشمہ جماٸے اخبار بینی میں مصروف باس نے اچانک چشمے کے اوپرسے مجھے گھورا۔مجھے اپنی ریڑھ کی میں خوف کی ایک سرد سی لہردوڑتی ہوٸی محسوس ہوٸی اور میں اپنے دل و دماغ کے تمام قویٰ کومجتمع کرکےانٹرویو کے لیے تیارہو رہا تھا کہ باس کی طرف سے پہلا سوال آگیا۔۔۔۔۔۔

باس:آٶ جی! کِنّا پڑھے او؟
اُن کی زبانِ اقدس سےپہلا سوال سُن کرمیری تمام تواناٸیاں پھر سے لوٹ آٸیں اور اس دن مجھے شدت سے محسوس ہوا کہ خاموشی بہت بڑی اور پُراسرارطاقت ہے۔آپ جب تک خاموش رہتے ہیں دشمن آپ کےعزاٸم،منصوبہ بندی اور طاقت کا اندازہ نہیں کرسکتا۔جیسے ہی سکوت ٹوٹا دشمن کسی ماہرِنفسیات کی طرح آپ کی عیاں و پنہاں طاقتوں اور خوبیوں کا اندازہ کرلیتا ہے اور آپ کو بڑا موثّر اور بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں آجاتاہے تاہم میں اصل بات کی طرف لوٹتاہوں۔
میں: جی سر! میں گریجویٹ ہوں۔
باس نےہونقوں کی طرح میری طرف دیکھااور کن انکھیوں سے پاس بیٹھے ہوۓ پرنسپل صاحب سے اشارتًا دریافت فرمایا۔
پرنسپل: سر نے بی اے کیا ہواہے۔
باس: ماشاءاللہ ، ماشاءاللہ سبحان الله۔ اے ہوٸی نا گَل۔……اچھا ! اک گل دسو۔
میں : جی پُچھو۔
باس : گیماں شیماں وی کرا لیندے او؟
میں : جی بالکل میں کرا لواں گا۔ میں کراٹے وچ بلیک بیلٹ حاصل کیتی اے۔
باس : باآوازِبلند ماشاءاللہ ماشاءاللہ ۔فیر تے کم بن گیا اے کہ۔ساتھ ہی اُنھوں نے بے تکلفانہ میرے ہاتھ پر ہاتھ پھینک دیا۔تھوڑی بحث وتکرار کے بعد میری تنخواہ طے پاگٸی اور یوں ایک ہلکے پھلکے تعارف نما انٹرویوکے بعد میرے تدریسی کیرٸیر کا آغاز ہوگیا۔یہاں پر آپ کو بتاتا چلوں کہ اپنی تعیناتی کےپانچویں دن سےلے کر وہاں سے چھوڑنے تک میں نے میں نےوہاں اردو ہی پڑھاٸی ۔گیموں شیموں والا صرف ایک مصلحت خیز بیانیہ ہی تھا۔

ڈاکٹر محمد الیاس عاجز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ اشاعتیں

سلام اردو سے ​​مزید
Close
Back to top button