- Advertisement -

ہمِیں سے کرتا رہا گفتگو ہماری طرح

کاشف حسین غائر کی ایک اردو غزل

ہمِیں سے کرتا رہا گفتگو ہماری طرح
تھا آئنے میں کوئی ہُو بہُو ہماری طرح

بکھر رہے ہیں ستارے سمٹ رہی ہے رات
بھٹک رہی ہے ہوا کُو بہ کُو ہماری طرح

کسی کے ساتھ نہیں ہے کسی کے ساتھ نہیں
کہ اس ہجوم میں شامل ہے تُو ہماری طرح

کسی کی چاہ نہیں کوئی رسم و راہ نہیں
یہ کس خیال میں رہتا ہے تُو ہماری طرح

یہ زندگی گزراں ہے گزر ہی جائے گی
بس ایک شام گزارو کبھو ہماری طرح

کاشف حسین غائر

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
کاشف حسین غائر کی ایک اردو غزل