- Advertisement -

Bus Ek Rasta Hay

An Urdu Ghazal By Saleem Kausar

بس اک رستہ ہے اک آواز اور ایک سایا ہے

یہ کس نے آ کے گہری نیند سے مجھ کو جگایا ہے

بچھڑتی اور ملتی ساعتوں کے درمیان اک پل

یہی اک پل بچانے کے لیے سب کچھ گنوایا ہے

ادھر یہ دل ابھی تک ہے اسیر وحشت صحرا

ادھر اس آنکھ نے چاروں طرف پہرہ بٹھایا ہے

تمہیں کیسے بتائیں جھوٹ کیا ہے اور سچ کیا ہے

نہ تم نے آئنہ دیکھا نہ آئینہ دکھایا ہے

ہمیں اک اسم اعظم یاد ہے وہ ساتھ ہے، ہم نے

کئی بار آسماں کو ان زمینوں پر بلایا ہے

کہاں تک روکتے آنکھوں میں ابر و باد ہجراں کو

اب آئے ہو کہ جب یہ شہر زیر آب آیا ہے

سلیمؔ اب تک کسی کو بد دعا دی تو نہیں لیکن

ہمیشہ خوش رہے جس نے ہمارا دل دکھایا ہے

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

سلام اردو سے منتخب سلام
An Urdu Ghazal By Saleem Kausar