آپ کا سلاماردو نظمراز احتشامشعر و شاعری

بے آواز

راز احتشام کی ایک اردو نظم

بے آواز

عجیب دن تھے
جب ایک آواز چہچہاتی
سماعتوں کو یقیں دلاتی
کہ زندگی اپنے سارے رنگوں میں ہنس رہی ہے
وہ تیز بارش میں ٹین کی چھت پہ بجتے سازوں کو جانتی تھی
وہ جانتی تھی کہ نیند کتنی دھنوں سے بنتی ہے
خستہ کوزوں کی کھنکھناہٹ بھرا وہ لہجہ لیے
یہ کہتی
کہ “آپ۔۔ اپنا خیال رکھیے”
تو چار سُو اک دھنک ابھرتی
کہ جس کی رنگین اوڑھنی پر میں گال رکھتا
تو نیند۔۔ خوابوں بھرے دریچوں میں لے کے جاتی
میں بے یقینی میں خواب بُنتا اُدھیڑتا تھا
یہ نیم خوابی بھی اس کی آواز کا فسوں تھا

عجیب دن تھے !

اسے کوئی ممکنہ جدائی
اداس کرتی
تو ایسا لگتا
کہ جیسے دھرتی پہ آخری شخص
سسکیاں لے کے رو رہا ہے !

اور آج کے دن
مری سماعت سے بے یقینی کی خواب آلود دھند چھٹنے سے پیشتر ہی
اک اجنبی ہاتھ
خستہ کوزوں کے ٹوٹنے کی
کھنکتی آواز
لے اڑا ہے !

راز احتشام

سائٹ منتظم

’’سلام اردو ‘‘،ادب ،معاشرت اور مذہب کے حوالے سے ایک بہترین ویب پیج ہے ،جہاں آپ کو کلاسک سے لے جدیدادب کا اعلیٰ ترین انتخاب پڑھنے کو ملے گا ،ساتھ ہی خصوصی گوشے اور ادبی تقریبات سے لے کر تحقیق وتنقید،تبصرے اور تجزیے کا عمیق مطالعہ ملے گا ۔ جہاں معاشرتی مسائل کو لے کر سنجیدہ گفتگو ملے گی ۔ جہاں بِنا کسی مسلکی تعصب اور فرقہ وارنہ کج بحثی کے بجائے علمی سطح پر مذہبی تجزیوں سے بہترین رہنمائی حاصل ہوگی ۔ تو آئیے اپنی تخلیقات سے سلام اردوکے ویب پیج کوسجائیے اور معاشرے میں پھیلی بے چینی اور انتشار کو دورکیجیے کہ معاشرے کو جہالت کی تاریکی سے نکالنا ہی سب سے افضل ترین جہاد ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button